وفاقی وزیراحد خان چیمہ 2027 کیلئے عالمی بینک گروپ اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے بورڈز آف گورنرز کے چیئرمین نامزد

وفاقی وزیراحد خان چیمہ 2027 کیلئے عالمی بینک گروپ اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے بورڈز آف گورنرز کے چیئرمین نامزد

بنکاک ۔16اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اقتصادی امور اورعالمی بینک گروپ پاکستان کے گورنر احد خان چیمہ کو 2027 کے لیے ورلڈ بینک گروپ اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے بورڈز آف گورنرز کا چیئرمین نامزد کردیا گیا ہے۔ یہ اعلان بنکاک میں عالمی بینک گروپ اور آئی ایم ایف کے 2026 کے سالانہ اجلاسوں کے پلینری سیشن میں کیا گیا۔

وزارتِ اقتصادی امور کے مطابق پاکستان 1953 کے بعد پہلی مرتبہ اس اہم منصب پر فائز ہوگا جو ملک کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل ہے، اس سربراہی سے پاکستان کو عالمی اقتصادی و ترقیاتی امور پر مباحثے میں موثر کردار ادا کرنے اور کثیرالجہتی نظام کے اہم مرحلے پر رکن ممالک کے درمیان تعمیری مکالمے کو فروغ دینے کا موقع ملے گا۔پلینری سیشن کے بعد احد خان چیمہ کوعالمی بینک گروپ کے کارپوریٹ سیکرٹریٹ نے چیئرمین کی ذمہ داریوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔

انہوں نے ورلڈ بینک گروپ کی نائب صدر اور کارپوریٹ سیکرٹری ارادھانا کمار کپور سے بھی ملاقات کی جس میں پاکستان کی مدتِ سربراہی کے دوران ادارہ جاتی معاونت اور رابطہ کاری کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔احد خان چیمہ نے پیراگوئے کے مرکزی بینک کے گورنر اور بورڈز آف گورنرز کے سبکدوش ہونے والے چیئرمین کارلوس کاروالو اسپالڈنگ سے بھی ملاقات کی۔

انہوں نے انہیں کامیابی سے مدتِ عہدہ مکمل کرنے پر مبارک باد دی اور ان کی قیادت کو سراہا۔ ملاقات میں چیئرمین کے منصب کی ذمہ داریوں اور آئندہ سال کی ترجیحات پر تبادلہ خیال کیا گیاجبکہ سبکدوش ہونے والے چیئرمین کے تجربے اور بصیرت سے بھی استفادہ کیا گیا۔اس موقع پر احد خان چیمہ نے ترقی پذیر ممالک کی آواز موثر بنانے، ترقیاتی مالی وسائل کی موثر اور قابلِ پیش گوئی فراہمی یقینی بنانے،

کثیر الجہتی ترقیاتی اداروں کے درمیان رابطہ کاری بہتر بنانے اور پائیدار و جامع ترقی کے لیے نجی سرمایہ کاری کو متحرک کرنے کے پاکستان کے عزم کو اجاگر کیا۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان تعمیری مکالمے کے فروغ اور زیادہ موثر کثیرالجہتی ترقیاتی و مالیاتی نظام کی تشکیل کے لیےعالمی بینک گروپ، آئی ایم ایف اور رکن ممالک کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔