وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان سے ہالینڈ کے سفیررابرٹ جان سئیگریٹ کی ملاقات

اسلام آباد۔22نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان اور سیکرٹری تجارت جواد پال سے نیدرلینڈز کے سفیر رابرٹ جان سئیگریٹ نے وزارتِ تجارت میں ملاقات کی۔ ہفتہ کو وزارت تجارت سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پرنیدرلینڈز کے سفیر نے بتایا کہ انہوں نے حال ہی میں اپنے سفارتی اسناد پیش کیے ہیں اور پاکستان میں ذمہ داریاں سنبھال کر نہایت خوشی محسوس کر رہے ہیں۔ انہوں …

اسلام آباد۔22نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان اور سیکرٹری تجارت جواد پال سے نیدرلینڈز کے سفیر رابرٹ جان سئیگریٹ نے وزارتِ تجارت میں ملاقات کی۔ ہفتہ کو وزارت تجارت سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پرنیدرلینڈز کے سفیر نے بتایا کہ انہوں نے حال ہی میں اپنے سفارتی اسناد پیش کیے ہیں اور پاکستان میں ذمہ داریاں سنبھال کر نہایت خوشی محسوس کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ان کا گرمجوشی سے استقبال کیا گیا اور انہیں خوش آمدیدی کہا گیا۔ یہاں پر بیوروکریسی اور سیاسی قیادت سے بآسانی رابط کیا جاسکتا ہےجو مستقبل میں باہمی روابط کے لیے خوش آئند ہے۔وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان نے سفیر کا خیرمقدم کیا اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ پاکستان اور نیدرلینڈز کے مابین تجارت میں تنوع لانے کے بہت سے مواقع خصوصاً زراعت اور غذائی مصنوعات کے شعبوں میں موجود ہیں، پاکستان پیداوار اور معیار کو بہتر بنا کر نیدرلینڈز کو اپنی برآمدات میں نمایاں اضافہ کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چاول پاکستان کی اہم فصل اور برآمدی مصنوعات میں سے ایک ہے جس میں مزید امکانات موجود ہیں۔وفاقی وزیرِ تجارت نے خدمات کے شعبے کی اہمیت کو بھی اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بڑی نوجوان آبادی کی وجہ سے خدمات کی برآمدات کم وقت میں اشیا کی برآمدات سے آگے نکل سکتی ہیں۔ انہوں نے نیدرلینڈز کی کمپنی جاز ٹیلی کام کے دیہی علاقوں میں ڈیجیٹل مالیاتی شمولیت کے کردار کو بھی سراہا۔سفیر نے آگاہ کیا کہ دونوں ممالک جلد باقاعدہ مذاکرات کے آغاز کے لیے تاریخوں کو حتمی شکل دے رہے ہیں تاکہ تعاون کے نئے شعبوں کا جائزہ لیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ جی ایس پی پلس کی مانیٹرنگ مشن کی آئندہ آمد پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگی۔

وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد متعدد شعبے صوبوں کو منتقل ہو چکے ہیں تاہم وزارتِ تجارت تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بھرپور رابطہ کاری کر رہی ہے۔سیکریٹری تجارت جواد پال نے بتایا کہ یورپی یونین کے ساتھ پاکستان کی تجارتی شمولیت کا بنیادی نظام جی ایس پی پلس ہی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان تمام ذمہ داریوں کی ادائیگی کے لیے پرعزم ہے کیونکہ یہ ہمارے اپنے مفاد میں ہے۔سیکریٹری تجارت نے ایتھانول پر رعایتیں واپس لینے پر بھی تشویش کا اظہار کیا جس سے پاکستان کی صنعت کو نقصان پہنچا ہے۔

انہوں نے درخواست کی کہ یورپی یونین میں اس حوالے سے کی گئی صنعت کی اپیل پر غور کیا جائے۔ انہوں نے باسمتی چاول کے جغرافیائی شناخت کے معاملے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں نے درخواست جمع کرائی ہے لیکن تاریخ اور شواہد بھارت کے واحد حق کے دعوے کی تائید نہیں کرتےسیکریٹری تجارت نے بتایا کہ نیدرلینڈز کو پاکستانی چاول کی ہر قسم کی برآمدات میں اضافے کے بڑے مواقع موجود ہیں جن سے ابھی مکمل فائدہ نہیں اٹھایا جا رہا۔

سفیر نے کہا کہ ماضی میں ڈچ کمپنیوں کو اپنے منافع وطن منتقل کرنے میں مشکلات تھیں لیکن متعلقہ اداروں کے تعاون سے اب یہ مسئلہ حل ہو چکا ہے۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ پاکستان کی بہتر معاشی صورتحال غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید مضبوط کرے گی۔وفاقی وزیرِ تجارت نے بتایا کہ پاکستان ڈیری اور گوشت کے شعبوں کو وسعت دے رہا ہے تاکہ ان مصنوعات کی برآمدات بڑھائی جا سکیں۔ انہوں نے نیدرلینڈز سے ٹیکنالوجی شیئرنگ میں تعاون کی درخواست کی۔ سفیر نے یقین دلایا کہ پانی کے مؤثر انتظام کے لیے ڈرون ٹیکنالوجی سمیت کئی منصوبے پاکستان کے لیے معاون ثابت ہو سکتے ہیں، اور انہوں نے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

مزید خبریں