وفاقی وزیرِ تجارت کا ہانگ کانگ جنرل چیمبر آف کامرس کا دورہ ، پاکستانی تارکینِ وطن سے ملاقات
وفاقی وزیرِ تجارت کا ہانگ کانگ جنرل چیمبر آف کامرس کا دورہ ، پاکستانی تارکینِ وطن سے ملاقات

مزید خبریں
ہانگ کانگ۔13ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان نے ہانگ کانگ جنرل چیمبر آف کامرس کا دورہ کیا ، چیمبر کے چیئرمین اور نمایاں کاروباری نمائندوں سے ملاقات کی اور دونوں ممالک کے درمیان کاروباری سطح پر مضبوط روابط، تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ وزارتِ تجارت کے مطابق دورے کے دوران انہوں نے ہانگ کانگ میں مقیم پاکستانی برادری کے اہم ارکان سے بھی ملاقاتیں کیں۔


1861 میں قائم ہونے والا ہانگ کانگ جنرل چیمبر آف کامرس، ہانگ کانگ کا قدیم ترین کاروباری ادارہ (چیمبر) ہے۔ ملاقات کے دوران وفاقی وزیرِ تجارت نے چیمبر کی قیادت کے ساتھ پاکستان اور ہانگ کانگ کی کاروباری برادریوں کے درمیان براہِ راست روابط کو وسعت دینے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں اس بات پر روشنی ڈالی گئی کہ پاکستان، ہانگ کانگ کی خدمات کے شعبے (سروسز سیکٹر)خاص طور پر مالیات، ہوا بازی اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی میں مہارت سے کس طرح استفادہ کر سکتا ہے۔ فریقین نے باہمی تعاون کو فروغ دینے، رابطوں کو مضبوط بنانے اور ٹرانزٹ روٹس (آمد و رفت کے راستوں) کی ترقی کے لیے ’’بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو‘‘(Belt and Road Initiative) کی اہمیت پر بھی زور دیا۔وفاقی وزیر نے نئے کاروباری مواقع تلاش کرنے کے لیے نمایاں کاروباری نمائندوں کے درمیان باقاعدہ رابطوں اور تجارتی وفود کے تبادلے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
اس موقع پر ہانگ کانگ جنرل چیمبر آف کامرس اور پاکستان کے بڑے تجارتی اداروں بشمول فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری، کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے درمیان ادارہ جاتی تعاون کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیرِ تجارت نے ہانگ کانگ کی معیشت میں پاکستانی کاروباری اداروں اور وہاں مقیم پاکستانی برادری کے نمایاں کردار کو سراہتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ مضبوط ادارہ جاتی اور تجارتی روابط دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے لیے نئے مواقع پیدا کریں گے۔
بعد ازاں انہوں نے پاکستان کلب میں منعقدہ عشائیے میں شرکت کی، جہاں انہوں نے ہانگ کانگ میں مقیم پاکستانی برادری کے اہم ارکان اور کاروباری رہنمائوں سے ملاقات کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان اور ہانگ کانگ دونوں کے لیے پاکستانی تارکینِ وطن کی گراں قدر خدمات کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ ہانگ کانگ ایک اہم بین الاقوامی مالیاتی، تجارتی اور مواصلاتی مرکز ہونے کے ناطے پاکستانی کاروباری افراد اور پروفیشنل ماہرین کے لیے وسیع مواقع فراہم کرتا ہے۔
وفاقی وزیر نے پاکستانی برادری پر زور دیا کہ وہ ہانگ کانگ میں اپنے وسیع کاروباری رابطوں کے ذریعے پاکستان کی اقتصادی صلاحیت کو اجاگر کرنے، سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور شراکت داریاں قائم کرنے میں فعال کردار ادا کرتی رہے۔ انہوں نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو یقین دلایا کہ حکومتِ پاکستان ان کی سہولت کاری اور پاکستان و ہانگ کانگ کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو بڑھانے میں ایک پل کے طور پر ان کے کردار کو مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔







