وفاقی وزیرِ خزانہ کی عجمان بینک کے وفد سے ملاقات، پاکستان کی معاشی صورتِ حال اور مالیاتی تعاون پر تبادلہ خیال کیا

وفاقی وزیرِ خزانہ کی عجمان بینک کے وفد سے ملاقات، پاکستان کی معاشی صورتِ حال اور مالیاتی تعاون پر تبادلہ خیال کیا

بنکاک۔17اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں ورلڈ بینک گروپ اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں 2026 کے موقع پر عجمان بینک کے وفد سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان کی معاشی صورتِ حال اور مالیاتی تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزارتِ خزانہ کی جانب سے ہفتہ کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات کے دوران وزیرِ خزانہ نے مالیاتی اور بیرونی شعبوں کے اشاریوں میں بہتری کو اجاگر کرتے ہوئے معاشی استحکام اور اصلاحات کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات میں سکوک کے ممکنہ اجرا، روپے میں مالیت اور ڈالر میں ادائیگی والے مالیاتی ذرائع اور مالی وسائل کے حصول کے ذرائع میں تنوع لانے پر گفتگو ہوئی۔انہوں نے مجموعی بیرونی قرضوں میں اضافہ کیے بغیر مہنگے قلیل مدتی قرضوں کی جگہ بہتر شرائط پر مالی وسائل حاصل کرنے، قرضوں کی ادائیگی کی مدت بڑھانے اور ادائیگیوں کے بوجھ کو ایک ہی عرصے میں جمع ہونے سے بچانے کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیرِ خزانہ نے تعاون بڑھانے میں عجمان بینک کی دلچسپی کو سراہا اور مستقبل کے مالیاتی معاملات میں بینک کی شمولیت اور مشاورت کا خیرمقدم کیا۔دونوں جانب سے علاقائی تنازعات کے معاشی اثرات، بینکاری شعبے کی مضبوطی اور مالیاتی نظم و ضبط سے ہم آہنگ ہدفی ایندھن سبسڈی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا،گفتگو میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی کوششوں اور کھاد کی دستیابی کو بھی اجاگر کیا گیا، جس نے غذائی تحفظ کو یقینی بنانے میں مدد دی۔