وفاقی وزیرِ ریلوے کی نیشنل پریس کلب آمد، نائب صدر عثمان خان سے والد کے انتقال پر تعزیت کی

وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے نیشنل پریس کلب کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پریس کلب کے نائب صدر اور سینئر صحافی عثمان خان سے ان کے والد کے انتقال پرتعزیت کا اظہار کیا

اسلام آباد۔8اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے نیشنل پریس کلب کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پریس کلب کے نائب صدر اور سینئر صحافی عثمان خان سے ان کے والد کے انتقال پرتعزیت کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر نے اس موقع پر مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور دعائے مغفرت فرمائی۔وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے غمزدہ خاندان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ والدین اللہ تعالیٰ کی ایک عظیم اور انمول نعمت ہیں اور ان کا دنیا سے چلے جانا زندگی کا ناقابلِ تلافی صدمہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سر سے والد کا سایہ اٹھ جانے کے غم کا کوئی بدل نہیں، اور وہ اس مشکل اور دکھ کی گھڑی میں عثمان خان اور ان کے تمام اہلِ خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔محمد حنیف عباسی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنی جوارِ رحمت میں جگہ دے، ان کی کامل مغفرت فرما کر جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کے لیے صبرِ جمیل اور حوصلہ عطا کرے۔