وفاقی وزیرِ صحت کا وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو عائشہ رضا فاروق کے ہمراہ ذیلی قومی انسدادِ پولیو مہم کا افتتاح

وفاقی وزیرِ صحت سید مصطفیٰ کمال نے وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو عائشہ رضا فاروق کے ہمراہ ذیلی قومی انسدادِ پولیو مہم کا افتتاح کیا۔

اسلام آباد۔21ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیرِ صحت سید مصطفیٰ کمال نے وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو عائشہ رضا فاروق کے ہمراہ ذیلی قومی انسدادِ پولیو مہم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیرِ صحت اور وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو نے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے۔ذیلی قومی انسدادِ پولیو مہم ملک بھر کے 115 منتخب اضلاع میں 21 سے 27 ستمبر تک جاری رہے گی، جس کے دوران تقریباً 3 کروڑ 10 لاکھ پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ حکومتِ پاکستان وزیراعظم کی قیادت میں ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہے۔ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے مؤثر اور مربوط قومی ردِعمل کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان ہر بچے تک پولیو ویکسین کی بروقت رسائی یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انسدادِ پولیو اور معمول کے حفاظتی ٹیکہ جات کے پروگرام کے درمیان مؤثر ہم آہنگی کو بھی مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔وفاقی وزیرِ صحت نے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے والدین، کمیونٹی رہنماؤں اور تمام اسٹیک ہولڈرز کا تعاون ناگزیر ہے۔ پانچ سال سے کم عمر ہر بچے کی ویکسینیشن یقینی بنانا قومی ذمہ داری ہے۔انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں اور پولیو کے خاتمے کی قومی کوششوں میں اپنا کردار ادا کریں۔افتتاحی تقریب میں نیشنل کوآرڈینیٹر، شراکت دار اداروں کے نمائندگان اور پولیو پروگرام کی کور ٹیم کے ارکان بھی موجود تھے۔