وفاقی وزیر احسن اقبال سے چینی سفیر کی ملاقات، توانائی اور بجلی کے منصوبوں پر تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال

وفاقی وزیر احسن اقبال سے چینی سفیر کی ملاقات، توانائی اور بجلی کے منصوبوں پر تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال

اسلام آباد۔17اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ،ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال سے پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ نے پیر کو ملاقات کی اور توانائی اور بجلی کے منصوبوں پر باہمی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات میں سی پیک کے تحت جاری منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ سی پیک کا بنیادی مقصد پاکستان میں صنعتی شعبے کو فروغ دینا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ خصوصی اقتصادی زونز کو کامیاب بنانے کے لیے چین کا تعاون قابل تحسین ہے اور پاکستان ان زونز کی تکمیل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر گوادر میں بجلی کی ترسیلی لائنوں پر کام تیزی سے جاری ہے اور اسے بروقت مکمل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ گوادر کو بجلی کی فراہمی رواں سال دسمبر میں ایران سے اور اگلے سال مارچ میں نیشنل گرڈ سے شروع کر دی جائے گی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت سی پیک منصوبوں کو بغیر کسی تاخیر کے مکمل کرنے کے لئے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی خوشحالی گوادر کی ترقی سے وابستہ ہے اور موجودہ حکومت سی پیک کے تحت تمام منصوبے گوادر میں مکمل کرے گی۔ چینی سفیر نے حکومت خصوصاً وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی کی کوششوں کو سراہا اور تمام تر تعاون جاری رکھنے کا عزم کیا۔