وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کا وفد کے ہمراہ شہید شیخ الحدیث مولانا محمد ادریس کی رہائش گاہ آمد، تعزیت کا اظہار کیا
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کا وفد کے ہمراہ شہید شیخ الحدیث مولانا محمد ادریس کی رہائش گاہ آمد، تعزیت کا اظہار کیا
چارسدہ۔ 06 مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام وفد کے ہمراہ بدھ کو شہید شیخ الحدیث مولانا محمد ادریس کی رہائش گاہ چارسدہ گئے۔ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے قائد پاکستان مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وفاقی حکومت کی جانب سے شہید کے بھائیوں، بیٹوں اور شہید کے شاگردوں کے ساتھ تعزیت کی اور شہید کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیےصبر جمیل کی دعا کی۔ وفاقی وزیر نے شیخ الحدیث مولانا محمد ادریس کے فرزند شیخ الحدیث مولانا انیس احمد کی بطور جانشین نامزدگی اور دستار بندی کی تقریب میں بھی شرکت کی۔
وفاقی وزیر نے تعزیت کے موقع پر موجود مجمع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الحدیث مولانا محمد ادریس کی شہادت نہ صرف چارسدہ کےلئے بلکہ پورے صوبے اور ملک کےلئے ناقابل تلافی نقصان ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس واقعے اور شیخ الحدیث محمد ادریس کی شہادت پرپوری پارٹی اور وفاقی حکومت کی طرف سے مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا بحیثیت عالم ،سیاستدان، سوشل ورکر ایک عظیم انسان اور رہنما تھے، شہید نے ہمیشہ امن کےلئے جہدوجہد اور دہشتگردی کی مذمت کی۔
انہوں نے کہا کہ شیخ الحدیث مولانا محمد ادریس ایک محب وطن جید عالم تھے، انہوں نے ہمیشہ ملکی سلامتی اور خوشحالی و ترقی کی بات کی اور ہمیشہ حق وسچ کی بات کی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ شہید کے فرزند شیخ الحدیث مولانا انیس احمد کا والد کی جگہ جانشین نامزد کے تقریب میں شرکت میرے لئے باعث اعزاز ہے۔ ہم سب ان کےلئے دعاگوں ہیں کہ اللہ تعالی انیس احمد کو والد کے نقش قدم پر چلنے کی ہمت دیں۔تعزیت کے موقع پر وفاقی وزیر کےساتھ سابق سنیٹر بہرہ مند تنگی، ہمایوں شاہ کاکاخیل، عالمگیر شاہ کاکاخیل، اسد عمرزئی، فواد خان اور دیگر قائدین بھی موجود تھے۔









