وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے ایشیا و بحرالکاہل کے لئے اقوام متحدہ کے ادارہ خوراک و زراعت (ایف اے او) کے ڈپٹی ریجنل نمائندہ رابرٹ سمپسن اور ایف اے او کی نمائندہ ریبیکا بیل سے ملاقات کی۔
وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین کی ایف اے او قیادت سے ملاقات، زراعت اور غذائی تحفظ میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال

مزید خبریں
روم/اسلام آباد۔24ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے ایشیا و بحرالکاہل کے لئے اقوام متحدہ کے ادارہ خوراک و زراعت (ایف اے او) کے ڈپٹی ریجنل نمائندہ رابرٹ سمپسن اور ایف اے او کی نمائندہ ریبیکا بیل سے ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستان اور ایف اے او کے درمیان زراعت اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی جانب سے جمعرات کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات کے دوران پاکستان کی زرعی ترجیحات اور پائیدار غذائی و زرعی نظام، غذائی تحفظ، زرعی ترقی اور کاشتکار برادری کی معاونت کے لئے باہمی تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔
وفاقی وزیر نے پاکستان کے ساتھ ایف اے او کے مسلسل تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ زراعت کو درپیش ابھرتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے بین الاقوامی شراکت داری کو مزید فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے زرعی پیداوار میں بہتری اور زرعی نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لئے علم و تجربات کے تبادلے، تکنیکی تعاون، تحقیق اور جدت کی اہمیت پر زور دیا۔رانا تنویر حسین نے پائیدار اور موسمیاتی تبدیلیوں کے مقابلے کی صلاحیت رکھنے والی زراعت کے فروغ کے لئے ایف اے او کے مختلف اقدامات سے مزید استفادہ کرنے کے امکانات پر بھی بات کی۔
انہوں نے جدید ٹیکنالوجی، موسمیاتی اعتبار سے موزوں زرعی طریقوں، فوڈ پروسیسنگ میں بہتری اور نوجوانوں کی قیادت میں اقدامات کو زرعی شعبے میں نئی مواقع پیدا کرنے کے لئے اہم قرار دیا۔دونوں جانب سے ادارہ جاتی روابط کو مزید مستحکم بنانے اور ایسے عملی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جو پاکستان کی زرعی ترقی میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مسلسل تعاون کے ذریعے تکنیکی مہارت اور عالمی تجربات کو پاکستان کی ضروریات کے مطابق مؤثر اقدامات میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔
وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے پائیدار زرعی ترقی، بہتر غذائی تحفظ اور کاشتکار برادری کے معاش کو مضبوط بنانے کے لئے ایف اے او کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مسلسل روابط سے پاکستان اور ایف اے او کے درمیان دیرینہ شراکت داری مزید مستحکم ہو گی۔








