وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم سے لاہور چیمبر کے صدر کی ملاقات، سرمایہ کاری میں سہولت ، توانائی کی فراہمی کی صورتحال سے متعلق امور پر تبادلہ خیال

وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایل سی سی آئی) کے صدر فہیم الرحمٰن نے ملاقات کی، جس میں ملک میں کاروباری ماحول، سرمایہ کاری میں سہولت اور توانائی کی فراہمی کی صورتحال سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

اسلام آباد۔22مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایل سی سی آئی) کے صدر فہیم الرحمٰن نے ملاقات کی، جس میں ملک میں کاروباری ماحول، سرمایہ کاری میں سہولت اور توانائی کی فراہمی کی صورتحال سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان پٹرولیم ڈویژن کے مطابق ملاقات میں وفاقی وزیر نے سرمایہ کاری کے ماحول کے فروغ اور کاروباری برادری کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہم کو یقینی بنانے کے لیے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت معاشی استحکام کے فروغ، سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

صدر ایل سی سی آئی فہیم الرحمٰن نے وفاقی حکومت کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ علاقائی صورتحال میں پاکستان نے ذمہ دارانہ اور مؤثر سفارتکاری کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث پیدا ہونے والی رکاوٹوں کے باوجود پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے توانائی کی فراہمی کے تسلسل اور صورتحال کو مؤثر انداز میں سنبھالنے کو بھی سراہا۔فہیم الرحمٰن نے توانائی سے متعلق چیلنجز سے نمٹنے اور صنعتی و تجارتی شعبوں کے لیے استحکام یقینی بنانے میں وفاقی وزیر علی پرویز ملک کی متحرک قیادت اور مؤثر انتظامی صلاحیتوں کی خصوصی تعریف کی۔ انہوں نے کاروباری برادری کی جانب سے سرمایہ کاری کے ماحول کو مزید بہتر بنانے اور صنعتوں کو درپیش اہم مسائل کے حل کے حوالے سے تجاویز بھی پیش کیں۔