وفاقی وزیر تجارت سے جرمن سفیر کی ملاقات، تجارت، سرمایہ کاری ، کاروباری روابط بڑھانے پر اتفاق

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے جرمن سفیر اینا لیپل نے ملاقات کی،جس میں تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری روابط بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

اسلام آباد۔7اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے جرمن سفیر اینا لیپل نے ملاقات کی،جس میں تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری روابط بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

بدھ کو ترجمان وزارت تجارت کے مطابق ملاقات میں وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے جرمن کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔جرمن سفیر نے جی ایس پی پلس سے متعلق پاکستان کی اصلاحاتی پیش رفت کو سراہا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان جی ایس پی پلس سے متعلق بین الاقوامی ذمہ داریوں کی تکمیل کے لئے پرعزم ہے۔ جام کمال خان نے جرمن کمپنیوں کو نومبر میں کراچی میں فوڈ ایگ 2026 میں شرکت کی دعوت دی ۔

انہوں نے کہا کہ فوڈ ایگ پاکستان اور جرمنی کے درمیان کاروباری شراکت داری کےلئے اہم پلیٹ فارم ہوگا۔ ملاقات میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے تجارت رانا احسان افضل نے جرمن سفیر کے سامنے پاکستانی باسمتی چاول کے جی آئی کا معاملہ اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ باسمتی کے کاشتکاروں، پروڈیوسرز اور برآمدکنندگان کے مفادات کا تحفظ ضروری ہے،پاکستانی باسمتی کے جی آئی کیس کی مضبوط قانونی، تاریخی اور تجارتی بنیادیں ہیں۔جرمن سفیر نے جغرافیائی شناخت کے موثر تحفظ کو زرعی برآمدات کےلئے اہم قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں زراعت، فوڈ پروسیسنگ، ٹیکنالوجی اور مینوفیکچرنگ میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں۔ جرمن سفیر نے فوڈ ایگ میں جرمن کمپنیوں کی شرکت کی دعوت کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ جرمنی میں لائیو سٹاک تجارتی نمائش کےلئے پاکستانی کاروباری وفد کی تیاریاں جاری ہیں۔جرمن سفیر نے جام کمال خان کو 29 سے 31 اکتوبر تک سیئول میں ایشیا پیسیفک کانفرنس آف جرمن بزنس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔