وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس

اسلام آباد۔31جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس اتوار کو یہاں وزارت خزانہ میں منعقد ہوا ۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر ، سابق وزیراعظم اور رکن قومی اسمبلی شاہد خاقان عباسی ، وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق مسعود ملک ، وزیراعظم کے کوآرڈینٹر برائے معیشت بلال اظہر کیانی، ایف بی آر کے چیئرمین ، چیئرمین اوگرا ، وفاقی سیکرٹریز اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ وزارت توانائی (پٹرولیم ڈویژن ) کی جانب سے پاکستان سٹیٹ آئل کمپنی لمیٹڈ (پی ایس او سی ایل) کے لئے یکم تا چودہ اگست 2022کے دوران بین الاقوامی ادائیگیوں کے لئے فنڈز کی فراہمی کی ایس او ایس سمری پیش کی گئی ۔

کمیٹی کو بتایا گیا کہ ہائی سپیڈ ڈیزل اور پٹرول کی فروخت میں بالترتیب 28اور32 فیصد کمی ہوئی ہے۔ مزید برآں امریکی ڈالر کے مقابلہ میں پاکستانی روپے کی قدر میں کمی کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی قیمت خرید میں اضافہ ہوا ہے ۔قومی سطح پر تیل اور گیس کی رسد کو یقینی بنانے اور پی ایس او کو عالمی ادائیگیوں کے حوالے سے تحفظ فراہم کرنے کے لئے ای سی سی نے فیصلہ کیا کہ گزشتہ دور حکومت کے دوران واجب الادا رقوم کے تحت پی ایس او کو ادائیگیوں کے لئے 30ارب روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دی جاتی ہے ، یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ پاور ڈویژن یکم اگست 2022تک اپنے واجب الادا 20ارب روپے کی فی الفور ادائیگی کرے جبکہ 12.8ارب روپے 4اگست تک ادا کیئے جائیں ۔

ای سی سی نے فنانس ڈویژن اور ایف بی آر کو بھی ہدایت کی کہ وہ ایک ہفتہ کے دوران ٹیکسز کے ذریعے 30ارب روپے کی وصولیوں کے حوالے سے تجاویز پیش کریں۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے پیش کردہ ایک اور سمری کے حوالے سے ای سی سی نے تجویز کو منظور کرتے ہوئے متعلقہ عرصہ کے دوران اوسط ایکسچینج ریٹ کی بنیاد پر قیمتوں کے تعین کی منظوری دی ۔ ای سی سی نے پٹرولیم ڈویژن کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ اوگرا کی مشاورت سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے حوالے سے دیگر آپشنز کے بارے میں ایک ہفتہ کے دوران حکمت عملی مرتب کرے ۔ ای سی سی نے پٹرولیم ڈویژن کو ہدایت کی کہ متعلقہ شراکت داروں کی مشاورت سے مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتوں کے تعین کے لئے ایک ہفتہ کے دوران تجویز بھی پیش کی جائے۔