وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا سرکاری دورہ ایران، ایرانی ہم منصب اسکندر مومنی سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا سرکاری دورہ ایران، ایرانی ہم منصب اسکندر مومنی سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال

مزید خبریں
تہران۔21ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سرکاری دورے پر تہران پہنچ گئے جہاں انہوں نے ایرانی ہم منصب اسکندر مومنی سے تفصیلی ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، مختلف شعبوں میں تعاون اور خطے کی مجموعی صورتحال پر غور کیا گیا۔ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق تہران پہنچنے پر ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے ایئرپورٹ پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا پرتپاک استقبال کیا۔
بعد ازاں وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی وزارت داخلہ کا دورہ کیا جہاں ان کا باضابطہ استقبال کیا گیا۔ملاقات کے دوران دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور ایران کے مابین باہمی تعلقات اور خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کی وزارت داخلہ کے مابین مختلف شعبوں میں جاری باہمی تعاون پر پیش رفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی مخلصانہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کے سلسلے میں پاکستان کی مسلسل کاوشیں قابل تحسین ہیں اور وہ ان کے شکر گزار ہیں۔ ایرانی وزیر داخلہ نے اپنے حالیہ دورہ پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے اسے انتہائی مفید اور نتیجہ خیز قرار دیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے برادرانہ تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط اور مستحکم ہوں گے اور دونوں ممالک باہمی مفاد اور علاقائی استحکام کے لیے مل کر کام جاری رکھیں گے۔








