وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ٹانک میں ٹریفک پولیس پر خارجی دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت، 3 اہلکاروں کی شہادت پر اظہارِ افسوس

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں خوارجیوں کی جانب سے ٹریفک پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کے بزدلانہ واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے

اسلام آباد۔28ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں خوارجیوں کی جانب سے ٹریفک پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کے بزدلانہ واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق وزیر داخلہ نے فائرنگ کے نتیجے میں ٹریفک پولیس کے 3 اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی اور سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔

محسن نقوی نے شہید اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم فرض کی راہ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر اہلکاروں کی لازوال قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں پوری قوم اور حکومت شہداء کے اہلخانہ کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دی جانے والی یہ عظیم قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی اور شرپسند عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔