وفاقی وزیر داخلہ کی ڈیرہ اسماعیل خان میں کسٹم و ٹریفک پولیس پر فائرنگ کی مذمت ،5 اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں کسٹم اور ٹریفک پولیس کے اہلکاروں پر نامعلوم شرپسندوں کی فائرنگ کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے 5 اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

اسلام آباد۔6اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں کسٹم اور ٹریفک پولیس کے اہلکاروں پر نامعلوم شرپسندوں کی فائرنگ کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے 5 اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق محسن نقوی نے شہید ہونے والے اہلکاروں کے بلندی درجات کے لیے دعا کی اور سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کڑے اور غمزدہ وقت میں ہم شہید اہلکاروں کے اہلِ خانہ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا دہشت گردی کے ناسور سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ رہا ہے جہاں فورسز اور عوام نے امن کی خاطر لازوال قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ بزدلانہ کارروائیوں اور تخریب کاری کے ذریعے دہشت گردی کے خلاف ریاست اور قوم کے پختہ عزم کو متزلزل یا کمزور نہیں کیا جا سکتا، ملک دشمن عناصر کا مکمل خاتمہ کر کے دم لیا جائے گا۔

مزید خبریں