وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے لاہور اسٹیشن کا اچانک دورہ کیا اور پلیٹ فارم نمبر 2 اور 4 کی توسیع کے جاری کام کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے اسٹیشن پر مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں۔وزیر ریلوے نے پلیٹ فارم نمبر 4 پر غیر معیاری بینچز کی موجودگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تمام …
وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کا لاہورسٹیشن کا دورہ، پلیٹ فارم نمبر 2 اور 4 کی توسیع کے جاری کام کامعائنہ کیا

مزید خبریں
لاہور۔4اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے لاہور اسٹیشن کا اچانک دورہ کیا اور پلیٹ فارم نمبر 2 اور 4 کی توسیع کے جاری کام کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے اسٹیشن پر مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں۔وزیر ریلوے نے پلیٹ فارم نمبر 4 پر غیر معیاری بینچز کی موجودگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تمام غیر معیاری بینچز فوری طور پر ہٹانے اور ان کی جگہ معیاری نئے بینچز نصب کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ ریلوے اسٹیشنز پر مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور مسافروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا ریلوے انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔محمد حنیف عباسی نے مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کی براہ راست نگرانی مزید موثر بنانے کے لیے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ (ڈی ایس) آفس لاہور کو ریلوے اسٹیشن منتقل کرنے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ ڈی ایس آفس کی اسٹیشن منتقلی سے مسافر سہولیات، جاری ترقیاتی منصوبوں اور ریلوے کی مجموعی کارکردگی کی موثر اور براہ راست نگرانی ممکن ہوگی۔وفاقی وزیر نے فیملی اور ایگزیکٹو لاونجز کا بھی دورہ کیا اور وہاں ایئر کنڈیشننگ سمیت دیگر سہولیات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر مسافروں نے اے سی ہالز میں بہترین سہولیات کی فراہمی پر وزیر ریلوے کا شکریہ ادا کیا۔محمد حنیف عباسی نے کہا کہ مسافروں کو معیاری، محفوظ اور آرام دہ سفری سہولیات کی فراہمی حکومت اور پاکستان ریلوے کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ اسٹیشنز پر صفائی، بیٹھنے، انتظار گاہوں اور دیگر بنیادی سہولیات کے معیار کو مسلسل بہتر بنایا جائے تاکہ مسافروں کو سفر کے دوران بہترین سہولیات میسر آ سکیں۔








