وفاقی وزیر ریلوے کا مغلپورہ ورکشاپس کا دورہ
وفاقی وزیر ریلوے کا مغلپورہ ورکشاپس کا دورہ

مزید خبریں
لاہور۔17اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے ہفتہ کو اسٹیل اور کیرج شاپس مغلپورہ کا دورہ کیا اور الیکٹرک آرک فرنس سمیت مختلف شعبوں میں جاری پیداواری سرگرمیوں، پرزہ جات کے معیار اور تعمیراتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ ٹرینوں میں استعمال ہونے والے پرزہ جات ہنگامی بنیادوں پر مقررہ معیار کے مطابق تیار کیے جائیں اور معیار پر کسی صورت سمجھوتہ نہ کیا جائے۔وفاقی وزیر نے اسٹیل شاپ مغلپورہ میں الیکٹرک آرک فرنس مشین کا معائنہ کیا اور فرنس میں تیار ہونے والے پرزہ جات کی جانچ کے لیے قائم سپیکٹرو لیبارٹری کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ لیبارٹری کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ہم آہنگ کیا جائے تاکہ پرزہ جات کے معیار کی جانچ کے نظام کو مزید موثر بنایا جا سکے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر کو بریفنگ دی گئی کہ الیکٹرک آرک فرنس کے فعال ہونے سے اسٹیل شاپ کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہوا ہے اور تیار ہونے والے پرزہ جات کے معیار میں بھی بہتری آئی ہے۔ محمد حنیف عباسی نے فائونڈری شاپ، رولنگ مل، سپرنگ شاپ، بفر شاپ، وہیل شاپ اور لوہار خانے سمیت اسٹیل اور کیرج شاپس کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور پیداواری عمل کا معائنہ کیا۔ انہوں نے سپرنگ شاپ میں تیار کیے جانے والے سپرنگز کے معیار کا بھی جائزہ لیا اور واضح کیا کہ ٹرینوں میں استعمال ہونے والے تمام پرزہ جات کی تیاری میں معیار اور حفاظت کو اولین ترجیح دی جائے۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کسی بھی مرحلے پر کوالٹی کے معیار پر سمجھوتہ ہرگز نہ کیا جائے۔ وفاقی وزیر نے ورکشاپس میں کام کرنے والے مزدوروں سے ملاقات بھی کی، ان کے مسائل سنے اور ہیٹ الائونس میں اضافے کے احکامات جاری کیے۔ اس اقدام کا مقصد کارکنوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور ان کے مسائل کا بروقت ازالہ یقینی بنانا ہے۔دورے کے دوران انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اسکریپ کا سروے مکمل کرکے31 دسمبر 2026 تک اس کی فروخت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کیرج شاپ کے مختلف شعبوں میں جاری سول ورکس کو بھی30 نومبر 2026 تک مکمل کرنے کے احکامات جاری کیے۔
وفاقی وزیر نے زور دیا کہ ورکشاپس میں پیداواری صلاحیت بڑھانے، پرزہ جات کے معیار کو بہتر بنانے اور جاری ترقیاتی و مرمتی کاموں کی بروقت تکمیل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مقررہ اہداف پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ پاکستان ریلویز کی کارکردگی، آپریشنل استعداد اور ٹرینوں کی حفاظت کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔







