وفاقی وزیر ریلوے کو رحمان بابا ایکسپریس حادثے کی ابتدائی رپورٹ پیش، حادثہ مکینیکل خرابی اور لگیج کوچ کا سائیڈ ہینگر ٹوٹنے کے باعث پیش آیا

پاکستان ریلوے کی تکنیکی ٹیم نے ملتان کے قریب رحمان بابا ایکسپریس حادثے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ وفاقی وزیر ریلوے کو پیش کر دی

اسلام آباد/ملتان ۔14اکتوبر (اے پی پی):پاکستان ریلوے کی تکنیکی ٹیم نے ملتان کے قریب رحمان بابا ایکسپریس حادثے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ وفاقی وزیر ریلوے کو پیش کر دی ۔ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق ٹرین کو حادثہ تکنیکی و مکینیکل خرابی کے باعث پیش آیا۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ٹرین کی لگیج کوچ کا سائیڈ ہینگر اچانک ٹوٹ گیا تھا، جو ریلوے ٹریک کے ٹرن آئوٹ کراسنگ میں بری طرح پھنس گیا۔ کراسنگ میں ہینگر پھنسنے کے نتیجے میں پہلے بوگی پٹری سے اتری اور دیکھتے ہی دیکھتے رفتار کے دبائوکے باعث ٹرین کی تمام 15 بوگیاں پٹری سے نیچے اتر گئیں۔ریلوے حکام کے مطابق تکنیکی ٹیم نے جائے حادثہ کا تفصیلی معائنہ کرنے کے بعد وہاں سے ٹوٹا ہوا سائیڈ ہینگر برآمد کر کے قبضے میں لے لیا ہے، جسے باقاعدہ فرانزک اور تکنیکی جانچ پڑتال کے لیے تحویل میں رکھا گیا ہے۔واضح رہے کہ کراچی سے براستہ ملتان پشاور جانے والی رحمان بابا ایکسپریس کو گزشتہ روز ملتان کے قریب شیر شاہ کے مقام پر خوفناک حادثہ پیش آیا تھا، جس میں متعدد مسافر جاں بحق اور زخمی ہوئے تھے۔ رپورٹ موصول ہونے کے بعد وفاقی وزیر ریلوے نے واقعے کے تمام محرکات کا باریک بینی سے جائزہ لینے اور ذمہ داران کا تعین کر کے سخت محکمانہ کارروائی کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

مزید خبریں