وفاقی وزیر شزا فاطمہ خواجہ کی جنوبی کوریا میں "گلوبل اے آئی اینڈ ڈیجیٹل سمٹ 2026ء” میں پاکستان کی نمائندگی

وفاقی وزیر شزا فاطمہ خواجہ کی جنوبی کوریا میں "گلوبل اے آئی اینڈ ڈیجیٹل سمٹ 2026ء” میں پاکستان کی نمائندگی

اسلام آباد/ سیئول۔19اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیئول میں منعقدہ "گلوبل اے آئی اینڈ ڈیجیٹل سمٹ 2026ء” میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان غیر ملکی ماڈلز پر انحصار ختم کرنے کے لئے ‘سوویرن اے آئی’ (خود مختار مصنوعی ذہانت) کے فروغ پر بھرپور توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے،یہ عالمی سمٹ کوریائی حکومت اور ورلڈ بینک کے باہمی اشتراک سے منعقد کی گئی جس میں دنیا بھر سے وزراء اور ٹیکنالوجی ماہرین نے شرکت کی۔

سمٹ کے منسٹریل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر شزافاطمہ خواجہ نے شرکاء کو پاکستان کی ‘نیشنل اے آئی پالیسی 2025’ اور ملک میں جدید ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے حوالے سے ہونے والی ٹھوس پیشرفت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ورلڈ بینک کے درمیان ‘ڈیجیٹل اینڈ اے آئی کمپیکٹ 2026–2030’ اب حتمی مراحل میں داخل ہو چکا ہے جو کہ ملک میں ڈیجیٹل انقلاب کی راہ ہموار کرے گا۔شزافاطمہ خواجہ نے بتایا کہ حکومت نے سال 2035ء تک 12 ترجیحی شعبوں کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن کے لئے ‘نیشنل ڈیجیٹل ماسٹر پلان’ منظور کر لیا ہے۔

جامع حکومتی اصلاحات کے مثبت اثرات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے ای-گورنمنٹ ڈویلپمنٹ انڈیکس میں پاکستان نے نمایاں طور پر 14 درجے بہتری حاصل کی ہے جو کہ پالیسیوں کے درست سمت میں ہونے کا واضح ثبوت ہے۔انسانی وسائل کی ترقی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے اعلان کیا کہ حکومت 10 لاکھ غیر آئی ٹی پیشہ ور افراد کو اے آئی کی بنیادی و جدید تربیت فراہم کرے گی جبکہ اس شعبے میں تحقیق کے فروغ کے لئے 1,000 پی ایچ ڈی سکالرشپس دی جائیں گی۔انہوں نے عالمی اداروں پر زور دیا کہ مصنوعی ذہانت کے منصفانہ اور محفوظ استعمال کے لئے بین الاقوامی سطح پر مؤثر قانون سازی کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں شہریوں کے حقوق کے تحفظ اور ڈیٹا سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے شفاف قانونی فریم ورک تشکیل دیا جا رہا ہے۔سمٹ کی سائیڈ لائنز پر وفاقی وزیر شزافاطمہ خواجہ نے ٹیکنالوجی کمپنی ‘گوگل’ کے نائب صدر ولسن وائٹ سے بھی اہم ملاقات کی جس میں پاکستان اور گوگل کے درمیان طے پانے والے حالیہ معاہدوں اور ڈیجیٹل منصوبوں پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

مزید خبریں