وفاقی وزیر شزہ فاطمہ خواجہ نے پاکستان میں ہواوے کے پہلے قومی سطح کے سپیئر پارٹس ریپئر سینٹر کا افتتاح کر دیا

وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے جمعرات کو ہواوے کے قومی سطح کے سپیئر پارٹس ریپئر سینٹر کا افتتاح کیا، اس مرکز کے قیام کا مقصد مقامی سطح پر مرمت کی صلاحیتوں کو فروغ دینا، بیرونی ممالک پر انحصار کم کرنا اور پاکستان کے ٹیلی کام انفراسٹرکچر کو مستحکم بنانا ہے۔

اسلام آباد۔24ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے جمعرات کو ہواوے کے قومی سطح کے سپیئر پارٹس ریپئر سینٹر کا افتتاح کیا، اس مرکز کے قیام کا مقصد مقامی سطح پر مرمت کی صلاحیتوں کو فروغ دینا، بیرونی ممالک پر انحصار کم کرنا اور پاکستان کے ٹیلی کام انفراسٹرکچر کو مستحکم بنانا ہے۔

تقریب میں ہواوے پاکستان کے سی ای او ایتھن سن بھی موجود تھے۔اس موقع پر وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "ڈیجیٹل نیشن پاکستان” کی بنیاد ایک ایسی ہنر مند اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ ورک فورس پر رکھی گئی ہے جو عالمی منڈیوں میں مقابلہ کرنے اور اہمیت پیدا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہو۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اب محض ٹیکنالوجی کے صارف سے نکل کر اپنے عوام کی مہارتوں اور جدت طرازی کے بل بوتے پر ڈیجیٹل حل تیار کرنے اور انہیں برآمد کرنے والا ملک بننے کی جانب تیزی سے گامزن ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اس ریپئر سینٹر کا قیام پاکستان کے ڈیجیٹل اور ٹیلی کام ایکو سسٹم کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ مقامی صلاحیتوں اور مہارتوں کے فروغ میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔ انہوں نے پاکستان میں ہواوے کی سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کی منتقلی و استعداد کار بڑھانے کے عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی شراکت داریاں ملک کے ٹیلی کام انفراسٹرکچر کو مزید مستحکم بناتی ہیں اور ایک بااختیار، باہم مربوط اور ڈیجیٹل طور پر مضبوط پاکستان کی تعمیر میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔ہواوے پاکستان کے سی ای او ایتھن سن نے کہا کہ ہواوے کو پاکستان میں پائیدار تکنیکی مہارتوں کے فروغ کے لئے شراکت داری پر فخر ہے۔

یہ مرکز عالمی ٹیکنالوجی کو مقامی صلاحیت میں بدلنے، تیز رفتار خدمات کی فراہمی اور ملک کے لیے مضبوط نیٹ ورکس کی تشکیل کے ہمارے وژن کا عکاس ہے۔یہ ریپئر سینٹر ملک بھر میں نصب ہواوے کے ٹیلی کام آلات کی جامع مرمت، جانچ، نقائص کی درستگی اور دیکھ بھال (مینٹیننس) کی مکمل سہولت فراہم کرے گا۔ مقامی سطح پر تشخیص اور مرمت سے نہ صرف آلات کی فوری دستیابی ممکن ہوگی بلکہ نیٹ ورک کی پائیداری میں اضافہ اور لاگت میں نمایاں کمی آئے گی، جس کا حتمی فائدہ صارفین کو بہتر سروس کی صورت میں ملے گا۔ 16 مخصوص ریپئر ڈیسکس پر مشتمل یہ جدید مرکز وائرلیس، مائیکرو ویو، ڈیجیٹل پاور اور ایکسیس نیٹ ورک ٹیکنالوجیز کے 180 سے زائد ایکوئپمنٹ آئٹم کوڈز کو سپورٹ کرتا ہے، جسے فالٹ ڈٹیکشن اور لوڈ ٹیسٹنگ کے لیے ہواوے کے خصوصی تشخیصی پلیٹ فارمز کی معاونت حاصل ہے۔اس مرکز میں 10 سے زائد ایسے مقامی ہارڈویئر ماہرین تعینات ہیں جن کے پاس ہواوے کی مینٹیننس کا 12 سال سے زائد کا تجربہ اور چین میں ہواوے کے ہیڈکوارٹرز سے اعلیٰ ترین تربیت حاصل ہے۔

یہ سینٹر سالانہ 10 ہزار سے زائد ماڈیولز پروسیس کرنے اور تقریباً 60 فیصد اوسط کامیابی کے ساتھ 6 ہزار سے زائد مرمت شدہ پرزہ جات کو دوبارہ قابلِ استعمال بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے، جس سے نئے پرزہ جات کی ضرورت اور بیرونِ ملک مرمت پر انحصار دونوں میں کمی آئے گی۔ یہ مقامی سہولت قدرتی آفات اور ہنگامی حالات کے دوران نیٹ ورک کا تسلسل برقرار رکھنے میں بھی فوری مدد فراہم کرے گی۔مجموعی طور پر یہ ریپئر سینٹر فوری مقامی مینٹیننس، بیرونِ ملک انحصار میں کمی، اور معمول سمیت ہنگامی حالات میں نیٹ ورک کے بلا تعطل تسلسل کو یقینی بنا کر پاکستان کے ٹیلی کام انفراسٹرکچر کو مستحکم بنیادیں فراہم کرے گا۔