ریاض / اسلام آباد ۔24نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے ریاض میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی سرپرستی میں منعقدہ دوسری بین الاقوامی کانفرنس برائے انصاف میں پاکستانی وفد کی قیادت کی۔ دو روزہ کانفرنس میں 40 سے زائد ممالک کے وزراء، فقہا اور قانونی ماہرین نے عدالتی معیار کو بہتر بنانے، ڈیجیٹلائزیشن اور عالمی قانونی تعاون کے فروغ سے …
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کی دوسری بین الاقوامی کانفرنس برائے انصاف، ریاض میں شرکت

مزید خبریں
ریاض / اسلام آباد ۔24نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے ریاض میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی سرپرستی میں منعقدہ دوسری بین الاقوامی کانفرنس برائے انصاف میں پاکستانی وفد کی قیادت کی۔ دو روزہ کانفرنس میں 40 سے زائد ممالک کے وزراء، فقہا اور قانونی ماہرین نے عدالتی معیار کو بہتر بنانے، ڈیجیٹلائزیشن اور عالمی قانونی تعاون کے فروغ سے متعلق امور پر غور و خوض کیا۔ترجمان وزارت قانون وانصاف کے مطابق کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر قانون نے متعدد اہم دو طرفہ ملاقاتیں بھی کیں۔
سب سے اہم ملاقات سعودی عرب کے وزیر انصاف ولید محمد السمانی سے ہوئی، جس میں پاکستان اور سعودی عرب نے عدالتی تربیت، قانونی اصلاحات اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے تاریخی مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے۔سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر انصاف ڈاکٹر امین حسین رحیمی سے بھی ملاقات کی، جس میں باہمی قانونی تعاون اور ادارہ جاتی روابط کو مزید مستحکم بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر قانون نے ترکی کے وزیر انصاف یلمز تنک سے بھی ملاقات کی جس میں دونوں ممالک نے عدالتی نظام کی جدید کاری، استعداد کار میں اضافے اور قانونی ٹیکنالوجی کے تبادلے کے امکانات کا جائزہ لیا۔مزید برآں، سینیٹر تارڑ نے جمہوریہ آذربائیجان کے وزیر انصاف فرید احمدوف کے ساتھ ملاقات میں دو طرفہ قانونی فریم ورک کی توسیع، مشترکہ بہترین طریقوں کے فروغ اور عدالتی تعلیم میں تعاون بڑھانے پر گفتگو کی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر قانون نے انصاف کے شعبے میں بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے عزم کو دہرایا۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کی عالمی مصروفیات نہ صرف انصاف تک رسائی کو بہتر بناتی ہیں بلکہ قانون کی حکمرانی مضبوط کرنے اور قومی اصلاحات کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔








