وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی زیر صدارت آٹو پالیسی 2026-31 سے متعلق کمیٹی کا اجلاس

وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی زیر صدارت آٹو پالیسی 2026-31 سے متعلق کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پالیسی کے مسودے کو وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق حتمی شکل دینے کے لیے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کی تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔

اسلام آباد۔17ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی زیر صدارت آٹو پالیسی 2026-31 سے متعلق کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پالیسی کے مسودے کو وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق حتمی شکل دینے کے لیے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کی تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔

وزارت قانون و انصاف کے ترجمان کی جانب سے جمعرات کو جاری پریس ریلیز کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک اور وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے شرکت کی جبکہ متعلقہ وزارتوں، ڈویژنز اور اداروں کے نمائندگان بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

اجلاس کے دوران آٹو پالیسی کے مسودے میں شامل مختلف شقوں پر وزارتوں اور متعلقہ اداروں کے تحفظات کا شق وار جائزہ لیا گیا اور پالیسی کے نفاذی فریم ورک کا بھی جامع جائزہ لیا گیا۔کمیٹی نے آٹو پالیسی کو حتمی شکل دینے کے لیے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کی تجاویز پر بھی غور کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پالیسی کے مسودے پر شق وار غور آئندہ اجلاس میں بھی جاری رکھا جائے گا۔کمیٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آٹو پالیسی 2026-31 کو تمام متعلقہ فریقین سے جامع مشاورت کے بعد حتمی شکل دی جائے گی۔