وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین کی زیر صدارت گندم کے بیج کی قیمتوں اور بین الصوبائی ترسیل سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس، گندم کے بیج کی قیمتوں میں کمی اور بین الصوبائی ترسیل یقینی بنانے پر زور

وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین کی زیر صدارت گندم کے بیج کی قیمتوں اور بین الصوبائی ترسیل سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس، گندم کے بیج کی قیمتوں میں کمی اور بین الصوبائی ترسیل یقینی بنانے پر زور

اسلام آباد۔14اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین کی زیر صدارت گندم کے بیج کی قیمتوں اور بین الصوبائی ترسیل سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں نجی بیج کمپنیوں اور نیشنل سیڈ ڈویلپمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (این ایس ڈی آر اے) کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ گندم کے بیج کی قیمتیں کسانوں کی قوتِ خرید کے مطابق ہونی چاہئیں۔ انہوں نے نجی بیج کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ گندم کے بیج کی قیمتوں میں کمی لائیں تاکہ بالخصوص چھوٹے کسانوں کو مناسب نرخوں پر معیاری بیج کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ گندم کی بروقت بوائی کے لیے بیج کی مناسب قیمت پر دستیابی کے ساتھ اس کی بلاتعطل ترسیل بھی انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔

انہوں نے این ایس ڈی آر اے کو ہدایت کی کہ صوبوں کے درمیان گندم کے بیج کی نقل و حرکت کو ہموار بنایا جائے اور ترسیل کے عمل میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ صوبائی حکام اور بیج کمپنیوں کے درمیان بہتر رابطہ کاری کے ذریعے بین الصوبائی ترسیل کے مسائل حل کیے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ کسانوں کو بیج کی مختلف اقسام، تصدیق، وزن اور قیمت سے متعلق واضح اور مستند معلومات فراہم کی جائیں تاکہ وہ اپنی ضروریات کے مطابق بہتر انتخاب کر سکیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ مناسب قیمت کے ساتھ بیج کا معیار بھی کسانوں کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ گندم کی بروقت کاشت کے لیے بیج کی دستیابی اور ترسیل کو بہتر بنانے کے سلسلے میں متعلقہ اداروں اور نجی شعبے کے درمیان تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔

مزید خبریں