وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے وزارت مذہبی امور میں منعقدہ تقریب کے دوران مزید 21 زیارت گروپ آرگنائزرز کو رجسٹریشن سرٹیفکیٹ تقسیم کئے جس کے بعد ملک میں مجاز زیارت گروپ آرگنائزرز کی تعداد 282 ہوگئی۔
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کی جانب سے 21 زیارت گروپ آرگنائزرز کو رجسٹریشن سرٹیفکیٹ تقسیم

مزید خبریں
اسلام آباد۔23اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے وزارت مذہبی امور میں منعقدہ تقریب کے دوران مزید 21 زیارت گروپ آرگنائزرز کو رجسٹریشن سرٹیفکیٹ تقسیم کئے جس کے بعد ملک میں مجاز زیارت گروپ آرگنائزرز کی تعداد 282 ہوگئی۔ ترجمان مذہبی امور کے مطابق تقریب میں شعبہ دعوۃ و زیارت کے سربراہ جوائنٹ سیکرٹری شہباز مصطفیٰ، ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر شاہد الرحمن مارتھ، سیکشن افسر اشعر محمود، رانا محمد مجاہد خان اور سید مجاب رضوی اور نئی رجسٹرڈ کمپنیوں کے منتظمین اور نمائندوں نے شرکت کی جنہوں نے سکیورٹی کلیئرنس، سکیورٹی ڈپازٹ اور دیگر لازمی دستاویزات کے تقاضے مکمل کرلیے تھے۔
اس سے قبل 261 کمپنیوں کو رجسٹریشن سرٹیفکیٹس جاری کیے جاچکے ہیں۔اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے نئی رجسٹریشن حاصل کرنے والی کمپنیوں کے نمائندوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایران، عراق اور شام سمیت دیگر مقدس مقامات کی زیارات پر جانے والے پاکستانی زائرین کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ زیارت گروپ آرگنائزرز تجربہ کار ہیں، اس لیے انہیں زائرین کی سہولت، حفاظت اور بہتر سفری انتظامات پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ وزیراعظم کے ویژن کے مطابق وزارت مذہبی امور اور نیشنل آئی ٹی بورڈ کے اشتراک سے زیارت گروپ آرگنائزرز کے لیے مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (ایم آئی ایس) تیار کیا جا رہا ہے جس کے تحت رجسٹرڈ کمپنیوں کی تفصیلات، معاہدوں اور شکایات کے ازالے کے نظام کو مربوط کیا جائے گا۔ اس نئے نظام کا مقصد زیارات کی شفافیت اور نگرانی کو بہتر بنانا اور زائرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے معیار کو یقینی بنانا ہے۔واضح رہے کہ پاکستان سے رجسٹرڈ 282 زیارت گروپ آرگنائزرز ایران، عراق، شام اور دیگر مذہبی مقامات کی زیارات کے لیے پاکستانی زائرین کو خدمات فراہم کریں گے۔








