وفاقی وزیر نجکاری و چیئرمین نجکاری کمیشن عابد حسین بھائیو کی زیرصدارت جناح کنونشن سینٹر کی نجکاری کے حوالہ سے اجلاس‎‎

اسلام آباد۔28جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر نجکاری و چیئرمین نجکاری کمیشن عابد حسین بھائیو کی زیرصدارت جناح کنونشن سینٹر (جے سی سی) کی نجکاری کے حوالہ سے اجلاس۔ اجلاس میں چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد نے خصوصی شرکت کی جبکہ سیکرٹری نجکاری ڈاکٹر ارم اے خان، ڈائریکٹر جنرل سمیت دیگر اعلی حکام بھی اجلاس میں شریک تھے۔ وزارت نجکاری کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جمعرات کو یہاں منعقدہ اجلاس میں جناح کنونشن سینٹر کی نجکاری کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر جناح کنونشن سینٹر کو منافع بخش اور انتظامی حوالے سے بہتر بنانے کیلئے نیا اسٹرکچر پلان تیار کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

وفاقی وزیر نجکاری عابد حسین بھائیو نے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جناح کنونشن سنٹر کی نجکاری کا مقصد زیادہ ریونیو کے ساتھ ساتھ انتظامی امور ب کو بھی بہتر بنانا ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے کی جانب سے اس حوالہ سے نجکاری کمیشن کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔ عابد حسین بھائیو نے کہا کہ جناح کنونشن سینٹر کی نجکاری کے منصوبہ میں شفافیت کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاروں کیلئے وسیع اور پرکشش مواقع کی فراہمی کو بھی مدنظر رکھا جائے گا۔