ویمن سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں 27 اگست کو خواتین کے لیے انٹرپرینیورشپ پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا

ویمن سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں 27 اگست کو خواتین کے لیے انٹرپرینیورشپ پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا

سیالکوٹ۔ 16 اگست (اے پی پی):ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سیالکوٹ، ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان اور پاکستان سنگل ونڈو کے اشتراک سے 27 اگست کو شفیع ہال، سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری پیرس روڈ سیالکوٹ میں خدیجہ پاکستان سنگل ونڈو ویمن انٹرپرینیورشپ پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا۔ اتوار کو ترجمان وویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے مطابق دوپہر 12:30 بجے شروع ہونے والے اس پروگرام کا مقصد خواتین کاروباری شخصیات کو بااختیار بنانا ہے، جس کے لیے انہیں سرحد پار تجارت، ای کامرس برآمدات، مالی شمولیت اور بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی کے حوالے سے عملی معلومات اور رہنمائی فراہم کی جائے گی۔

پہلے سیشن جس کا عنوان ’’سرحد پار تجارت میں خواتین کاروباری شخصیات ‘‘ ہے، میں پاکستان سنگل ونڈو خدیجہ ویمن انٹرپرینیورشپ پروگرام اور ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے خصوصی اقدامات کا تعارف پیش کیا جائے گا۔ اس اقدام کو اجاگر کرنے والی ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی جائے گی۔دوسرے سیشن میں ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ خواتین میں ای کامرس برآمدات اور بینکنگ، کوریئر سروسز، کسٹمز اور ادائیگیوں سے متعلق عملی طریقہ کار پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ شرکاء کو ٹ ی آئی پی پی ٹیڈ ایور اور عالمی منڈیوں تک رسائی کے طریقوں سے بھی متعارف کرایا جائے گا۔تیسرے سیشن میں ایک انٹرایکٹو ورکشاپ منعقد کی جائے گی جس میں مالی شمولیت اور مارکیٹنگ، مارکیٹ ریسرچ اور کاروباری آٹومیشن کے لیے مصنوعی ذہانت کے عملی ٹولز کا احاطہ کیا جائے گا۔

ایک انٹرایکٹو فوکس گروپ برآمدات کے لیے تیاری، کاروباری ماڈلز اور خواتین کاروباری شخصیات کو درپیش مارکیٹ کے چیلنجوں پر مزید تبادلہ خیال کرے گا۔پروگرام میں پائیدار ترقی کے لیے ریسرچ مینجمنٹ پر ایک سیشن بھی شامل ہوگا، جس کے بعد گروپ فوٹو، ظہرانہ اور نیٹ ورکنگ کے مواقع ہوں گے۔ دلچسپی رکھنے والی خواتین کاروباری شخصیات کی حوصلہ افزائی کی گئی ہے کہ وہ 22 اگست 2026 تک رجسٹریشن کروا لیں۔منتظمین کا کہنا ہے کہ نشستیں محدود ہیں اور شرکاء کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ جلد از جلد رجسٹریشن کروائیں۔