ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملتان ڈویژن کے زیر اہتمام 11ویں سالانہ تین روزہ بلیو فیئر کا افتتاح کر دیا گیا

ملتان ۔ 06 فروری (اے پی پی):ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملتان ڈویژن کے زیر اہتمام سالانہ 11ویں تین روزہ بلیو فیئر کا باقاعدہ افتتاح کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان نے فیتہ کاٹ کر کیا۔ افتتاحی تقریب میں بیگم فرح مختار سرپرستِ اعلیٰ، فرح ثاقب صدر ویمن چیمبر، سینئر وائس صدر نادیہ وسیم، نائب صدر شہناز ناصر اور دیگر معزز شخصیات موجود تھیں۔ افتتاح کے بعد کمشنر ملتان …

ملتان ۔ 06 فروری (اے پی پی):ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملتان ڈویژن کے زیر اہتمام سالانہ 11ویں تین روزہ بلیو فیئر کا باقاعدہ افتتاح کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان نے فیتہ کاٹ کر کیا۔ افتتاحی تقریب میں بیگم فرح مختار سرپرستِ اعلیٰ، فرح ثاقب صدر ویمن چیمبر، سینئر وائس صدر نادیہ وسیم، نائب صدر شہناز ناصر اور دیگر معزز شخصیات موجود تھیں۔ افتتاح کے بعد کمشنر ملتان نے بلیو فیئر میں قائم مختلف سٹالز کا تفصیلی معائنہ کیا جہاں ملک بھر سے آئی ہوئی خواتین نے اپنی تیار کردہ مصنوعات کی نمائش کی۔ بلیو فیئر میں کپڑوں، بلیو پوٹری، جیولری، جوتوں، ہینڈکرافٹس اور مختلف اقسام کے کھانوں کے سٹالز عوام کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔

کمشنر ملتان نے خواتین کی تخلیقی صلاحیتوں اور کاروباری کاوشوں کو سراہتے ہوئے تجویز دی کہ ان مصنوعات کو بیرونِ ملک متعارف کرانے کے لیے مربوط حکمتِ عملی اپنائی جائے تاکہ خواتین دستکاروں کو عالمی منڈی تک رسائی ملے اور زرِمبادلہ میں اضافہ ہو۔ اس موقع پر بیگم فرح مختار، فرح ثاقب، نادیہ وسیم اور شہناز ناصر نے مشترکہ گفتگو میں کہا کہ بلیو فیئر کے انعقاد کا مقصد صنعتی اور تجارتی میدان میں خواتین کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اور انہیں باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ نمائش نہ صرف خواتین کو معاشی خودمختاری کی جانب گامزن کرتی ہے بلکہ ملکی معیشت کے استحکام اور سماجی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ صدر ملتان ڈسٹرکٹ بار بشریٰ نقوی نے سٹالز کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ خواتین نے ہر شعبۂ زندگی میں اپنی خدا داد صلاحیتوں سے ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے، تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت خواتین کو مزید سہولیات اور مواقع فراہم کرے۔ تقریب کے اختتام پر فاطمہ گروپ، بینک سپانسرز، عارف حبیب کارپوریشن اور گوتم کالج کو شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔

مزید خبریں