ویمن چیمبر ملتان اور خانیوال کے عہدیداران بلا مقابلہ منتخب

ویمن چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری ملتان ڈویژن کے آفس بیئررز کے انتخابات میں ثمینہ وقار صدر،فریحہ منیرشاہ سینئر نائب صدرجبکہ فوزیہ ایازنائب صدر بلا مقابلہ منتخب ہوگئیں

ملتان۔ 29 ستمبر (اے پی پی):ویمن چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری ملتان ڈویژن کے آفس بیئررز کے انتخابات میں ثمینہ وقار صدر،فریحہ منیرشاہ سینئر نائب صدرجبکہ فوزیہ ایازنائب صدر بلا مقابلہ منتخب ہوگئیں۔ خانیوال سےفلزاممتاز صدر ،نائلہ فاروق سینئر نائب صدر اور حنا سلمان نائب صدر منتخب ہوئیں۔ امیدواروں کے مقابلے میں کوئی دوسرا امیدوار سامنے نہ آنے پر تمام عہدیداران کو بلا مقابلہ کامیاب قراردیا گیا۔اس موقع پرمنعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی سرپرست اعلیٰ بیگم فرح مختار نے کہا کہ ہنرمند اور باصلاحیت خواتین ملکی معیشت کے استحکام میں اہم کردارادا کررہی ہیں۔ خواتین کو معاشی طور پرخودمختار بنانے اور انہیں کاروباری مواقع فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ دستکاری، سلائی اورکڑھائی سمیت مختلف شعبوں سے وابستہ خواتین اپنے خاندانوں کی کفالت میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور معاشی مشکلات کے باعث کم آمدنی والی خواتین کو مسائل کا سامنا ہے، تاہم اپنی ہنرمندی کو کاروباری سرگرمیوں سے جوڑکروہ بہتر آمدن حاصل کرسکتی ہیں۔تقریب میں خواتین کے کاروباری مسائل اور ان کے حل کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ ملکی و بیرون ملک سلائی، کڑھائی اور دستکاری سے تیار کردہ ملبوسات کی طلب موجود ہے، اس لیے ہنرمند خواتین کو اپنی مصنوعات کی مارکیٹنگ اورمعیار بہتر بنانے پرتوجہ دینی چاہیے۔نو منتخب عہدیداران نےعزم ظاہرکیا کہ خواتین کاروباری افراد کی رہنمائی، ترقی اورکاروباری سرگرمیو ں کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گی۔