ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملتان ڈویژن کے نومنتخب عہدیداران نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا۔ سالانہ جنرل باڈی اجلاس اور تقریب حلف برداری میں نومنتخب صدر ثمینہ وقار، سینئر وائس پریزیڈنٹ فریحہ منیر شاہ، وائس پریزیڈنٹ فوزیہ ایاز اور نئی ایگزیکٹو باڈی کے اراکین نے حلف اٹھایا
ویمن چیمبر ملتان کے نومنتخب عہدیداران نے حلف اٹھا لیا

مزید خبریں
ملتان ۔ 01 اکتوبر (اے پی پی):ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملتان ڈویژن کے نومنتخب عہدیداران نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا۔ سالانہ جنرل باڈی اجلاس اور تقریب حلف برداری میں نومنتخب صدر ثمینہ وقار، سینئر وائس پریزیڈنٹ فریحہ منیر شاہ، وائس پریزیڈنٹ فوزیہ ایاز اور نئی ایگزیکٹو باڈی کے اراکین نے حلف اٹھایا۔ تقریب کی مہمان خصوصی سرپرست اعلیٰ بیگم فرخ مختار تھیں۔اس موقع پر نومنتخب صدر ثمینہ وقار، سینئر وائس پریزیڈنٹ فریحہ منیر شاہ اور وائس پریزیڈنٹ فوزیہ ایاز نے کہا کہ معاشی مشکلات پر قابو پانے کے لیے خواتین کو ہنرمند بنانا ضروری ہے۔ بے روزگار خواتین کو فنی تربیت فراہم کرکے انہیں معاشی طور پر خودمختار بنانے میں ویمن چیمبر اپنا کردار ادا کرے گا، تاکہ پسے ہوئے طبقات کے گھروں میں خوشحالی لائی جاسکے۔مقررین نے کہا کہ عالمی سطح پر بڑھتی مہنگائی اور معاشی مشکلات کے اثرات پاکستان پر بھی مرتب ہو رہے ہیں، تاہم ہنرمند خواتین مردوں کے شانہ بشانہ معاشی سرگرمیوں میں حصہ لے رہی ہیں۔
ویمن چیمبر دستکاری مراکز سمیت خواتین کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اپنی مدد آپ کے تحت اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ سیکریٹری جنرل سعید آغا نے چیمبر کی گزشتہ دو سالہ کارکردگی، مختلف سرگرمیوں اور پیش رفت پر تفصیلی رپورٹ پیش کی جبکہ سال 2026 کی آڈٹ رپورٹ اور حسابات بھی ممبران کے سامنے پیش کیے گئے، جن کی منظوری حاصل کی گئی۔ وزارت تجارت کی جانب سے مقرر کردہ آبزرور فرخ ذیشان نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ تقریب میں فرح ثاقب، رابعہ کھنڈ، سمیہ فیاض، نعیمہ خالد، شازیہ منظور، عائشہ یٰسین، رازیہ شاہ، سونیا اکرام، صائمہ سہیل، صائمہ عمران، شمیلہ جبار، ریحانہ ندیم، شبانہ اور نادیہ وسیم سمیت دیگر ممبران نے شرکت کی۔ سیکریٹری جنرل سعید آغا نے کہا کہ پڑھی لکھی اور غیر تعلیم یافتہ خواتین معاشرے کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرسکتی ہیں۔







