ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے زیرِ اہتمام خواتین کاروباری افراد کیلئے ڈیجیٹل لٹریسی پروگرام کا انعقاد

ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کوئٹہ کے زیرِ اہتمام خواتین کاروباری افراد کے لیے کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ڈیجیٹل لٹریسی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔

کوئٹہ۔ 03 ستمبر (اے پی پی):ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کوئٹہ کے زیرِ اہتمام خواتین کاروباری افراد کے لیے کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ڈیجیٹل لٹریسی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کا مقصد خواتین کاروباری افراد کو جدید ڈیجیٹل ذرائع سے روشناس کرانا، آن لائن کاروبار کے فروغ اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے نئی منڈیوں تک رسائی کے لیے عملی رہنمائی فراہم کرنا تھا پروگرام کے ابتدائی کلمات آصف ابڑو، اسسٹنٹ ڈائریکٹر، ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈیپ)، کوئٹہ نے پیش کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی اہمیت اور خواتین کاروباری افراد کے لیے جدید ڈیجیٹل ذرائع سے استفادہ کرنے کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔ مزید انہوں نے بتایا کہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈیپ) پورے ملک میں کاروباری خواتین کی استعداد کار بڑھانے اور ان کے کاروبار کو برآمدات کے معیار لانے کیلئے پوری طرح سے کام کررہا ہے۔

پروگرام کی تربیتی نشست میڈم حریم نے منعقد کی، جس کے دوران شرکاء کو موبائل فون اور دیگر ڈیجیٹل ذرائع کے موثر استعمال، آن لائن مارکیٹنگ، سوشل میڈیا کے ذریعے کاروباری تشہیر، مصنوعات کی موثر ڈیجیٹل نمائش، صارفین تک رسائی اور آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے کاروباری سرگرمیوں کو وسعت دینے کے مختلف طریقوں سے آگاہ کیا گیا۔ ٹریننگ کے دوران شرکا کو عملی طور پر یہ بھی بتایا گیا کہ کس طرح کم وسائل کے ساتھ ڈیجیٹل ذرائع کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنی مصنوعات اور خدمات کو وسیع تر صارفین تک پہنچایا جا سکتا ہے اور ملکی و بین الاقوامی منڈیوں میں کاروباری مواقع سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔پروگرام میں خواتین کاروباری افراد نے بھرپور شرکت کی اور ڈیجیٹل ذرائع کے ذریعے اپنے کاروبار کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ۔پروگرام کے اختتامی کلمات کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر حاجی محمد ایوب مریانی نے پیش کیے۔

انہوں نے خواتین کاروباری افراد کی استعدادِ کار بڑھانے اور انہیں جدید کاروباری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ایسے تربیتی پروگراموں کی اہمیت کو اجاگر کیا اور ٹی ڈیپ کی جانب سے اس اقدام کو سراہا ۔ منتظمین کے مطابق، خواتین کاروباری افراد میں ڈیجیٹل مہارتوں کا فروغ انہیں اپنے کاروبار کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے، نئی مقامی و بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی حاصل کرنے اور معاشی طور پر مزید بااختیار بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

 

مزید خبریں