ٹیرف اصلاحات اور مارکیٹ رسائی سے برآمدات میں کئی گنا اضافہ ممکن ہے، افتخار علی ملک

ٹیرف اصلاحات اور مارکیٹ رسائی سے برآمدات میں کئی گنا اضافہ ممکن ہے، افتخار علی ملک

لاہور۔13ستمبر (اے پی پی):سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ موثر ٹیرف اصلاحات، وسیع تر مارکیٹ رسائی اور برآمدات پر مبنی پالیسیوں کے ذریعے ملکی برآمدات میں نمایاں اضافہ اور معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔

اتوار کو جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ برآمد کنندگان کیلئے کسٹمز کے طریقہ کار آسان، ڈیجیٹل نظام موثر اور لاجسٹکس بہتر بنائے جائیں جبکہ غیر ضروری ریگولیٹری اور اضافی کسٹمز ڈیوٹیز کم کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ بلند ٹیرف اور محدود آزاد تجارتی معاہدوں کے باعث پاکستان کی برآمدی صلاحیت متاثر ہوئی ہے۔ کسٹمز ڈیوٹیز میں کمی سے صنعتی خام مال کی لاگت کم اور مقامی مصنوعات کی عالمی منڈی میں مسابقت بہتر ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ برآمدات میں اضافہ زرمبادلہ کے ذخائر مضبوط کرنے، روزگار پیدا کرنے، صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور ادائیگیوں کے توازن پر دبائو کم کرنے کیلئے اقتصادی حکمت عملی کا مرکزی حصہ ہونا چاہیے۔