ٹیکسٹائل برآمدات کا حجم رواں مالی سال کے پہلے ماہ جولائی میں 8.07 فیصد اضافے کے ساتھ 1.814 ارب ڈالر ہوگیا۔
ٹیکسٹائل برآمدات کا حجم جولائی میں 8.07 فیصد اضافے کے ساتھ 1.814 ارب ڈالر ہوگیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔25اگست (اے پی پی):ٹیکسٹائل برآمدات کا حجم رواں مالی سال کے پہلے ماہ جولائی میں 8.07 فیصد اضافے کے ساتھ 1.814 ارب ڈالر ہوگیا۔
ادارہ شماریات پاکستان کے مطابق مالی سال جولائی 2026کے دوران ملک کی ٹیکسٹائل برآمدات میں گزشتہ مالی سال کے اسی ماہ کے مقابلے میں 8.07 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔جولائی 2026 میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی مجموعی برآمدات 1.814 ارب ڈالر رہیں جبکہ جولائی 2025 میں یہ 1.678 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔تجارتی حجم میں اضافے والی ٹیکسٹائل مصنوعات میں کاٹن یارن شامل ہے، جس کی برآمدات 18.69 فیصد اضافے سے 66.529 ملین ڈالر ہوگئیں جبکہ گزشتہ سال جولائی میں یہ 56.052 ملین ڈالر تھیں۔اسی طرح نٹ ویئر کی برآمدات 4.06 فیصد بڑھ کر 533.836 ملین ڈالر ہو گئیں جو گزشتہ سال جولائی میں 512.991 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔بیڈ ویئر کی برآمدات 4.16 فیصد اضافے سے 308.498 ملین ڈالر رہیں جبکہ گزشتہ سال یہ 296.185 ملین ڈالر تھیں۔
تولیوں کی برآمدات میں 13.37 فیصد اضافہ ہوا اور یہ گزشتہ سال کے اسی عرصہ کی 93.822 ملین ڈالر برآمدات کے مقابلے میں بڑھ کر 106.364 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں ۔تیار ملبوسات کی برآمدات میں 15 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور یہ 459.988 ملین ڈالر ہوگئیں جبکہ جولائی 2025 میں ان کی مالیت 399.992 ملین ڈالر تھی۔ٹینٹ، کینوس اور ٹارپولین کی برآمدات بھی 16.83 فیصد اضافے سے 7.921 ملین ڈالر ہوگئیں، جو گزشتہ سال 6.780 ملین ڈالر تھیں۔تیار شدہ ٹیکسٹائل مصنوعات (تولیوں اور بیڈ ویئر کے علاوہ) کی برآمدات 10.56 فیصد بڑھ کر 77.209 ملین ڈالر رہیں، جبکہ گزشتہ سال 69.833 ملین ڈالر تھیں۔اسی طرح دیگر تمام ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں 21.98 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 79.461 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں، جو گزشتہ سال 65.141 ملین ڈالر تھیں۔
دوسری جانب بعض ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں کمی بھی ریکارڈ کی گئی۔ کاٹن کلاتھ کی برآمدات 0.10 فیصد کمی سے 141.590 ملین ڈالر رہیں، جو گزشتہ سال 141.729 ملین ڈالر تھیں۔کاٹن یارن کے علاوہ دیگر یارن کی برآمدات میں 23.26 فیصد کمی ہوئی اور یہ 2.275 ملین ڈالر رہیں، جبکہ گزشتہ سال یہ 2.964 ملین ڈالر تھیں۔اسی طرح آرٹ، سلک اور مصنوعی ٹیکسٹائل کی برآمدات 8.22 فیصد کمی سے 30.406 ملین ڈالر رہیں۔پی بی ایس کے مطابق ماہانہ بنیادوں پر بھی جولائی 2026 میں ٹیکسٹائل برآمدات میں 43.13 فیصد اضافہ ہوا۔ جون 2026 میں ٹیکسٹائل برآمدات 1.267 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئی تھیں جو جولائی میں بڑھ کر 1.814 ارب ڈالر ہوگئیں۔







