ٹیکسٹائل کے شعبہ کی مجموعی قومی برآمدات میں جاری مالی سال کے ابتدائی سات ماہ کے دوران 1.24 فیصد کا اضافہ

اسلام آباد۔23فروری (اے پی پی):ٹیکسٹائل کے شعبہ کی مجموعی قومی برآمدات میں جاری مالی سال کے ابتدائی سات ماہ کے دوران 1.24 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ اس دوران تیار ملبوسات کی برآمدات میں 5.69 فیصد ، نیٹ ویئرز 2.14 فیصد، خیمہ جات ، ترپالوں اور کینوس کی برآمدات میں 2.19 جبکہ بیڈ ویئرز کی برآمدات میں 2.70 فیصد اور خام روئی سمیت متفرق ٹیکسٹائل برآمدات میں 323.05 فیصد کا …

اسلام آباد۔23فروری (اے پی پی):ٹیکسٹائل کے شعبہ کی مجموعی قومی برآمدات میں جاری مالی سال کے ابتدائی سات ماہ کے دوران 1.24 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ اس دوران تیار ملبوسات کی برآمدات میں 5.69 فیصد ، نیٹ ویئرز 2.14 فیصد، خیمہ جات ، ترپالوں اور کینوس کی برآمدات میں 2.19 جبکہ بیڈ ویئرز کی برآمدات میں 2.70 فیصد اور خام روئی سمیت متفرق ٹیکسٹائل برآمدات میں 323.05 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ادارہ برائے شماریات پاکستان ( پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال میں جولائی 2025 تا جنوری 2026 کے عرصہ سات ماہ کے دوران ٹیکسٹائلز کی مجموعی قومی برآمدات کا حجم 10.904 ارب ڈالر رہا ہے جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی 2024 تا جنوری 2025 کے دوران ٹیکسٹائل کی برآمدات سے 10.770 ارب ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا تھا۔ اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے پہلے سات مہینوں میں ٹیکسٹائلز کی مجموعی ملکی برآمدات میں 0.134 ارب ڈالر یعنی 1.24 فیصد کی بڑھوتری ریکارڈ کی گئی ہے۔

پی بی ایس کے مطابق گزشتہ مالی سال کے پہلے سات ماہ میں ریڈی میڈ گارمنٹس کی برآمدات کی مالیت 2.440 ارب ڈالر رہی تھی جو جاری مالی سال کے اسی عرصہ کےلئے 2.579 ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔ اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران تیار ملبوسات کی قومی برآمدات کے حجم میں 0.139 ارب روپے یعنی 5.69 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اسی طرح رواں مالی سال میں نیٹ ویئرز کی قومی برآمدات بھی 3.033 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 2.14 فیصد کی بڑھوتری سے 3.098 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔

اعدادوشمار کے مطابق بیڈ ویئرز کی برآمدات گزشتہ مالی سال کے پہلے سات ماہ میں 1868.894 ملین ڈالر رہی تھیں تاہم جاری مالی سال میں بیڈ ویئرز کی برآمدات کا حجم 1919.469 ملین ڈالر تک بڑھ گیا اور برآمدات میں 2.70 فیصد کے اضافہ سے زرمبادلہ کی وصولی میں 50.575 ملین ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پی بی ایس کے مطابق گزشتہ مالی سال میں جولائی 2024 تا جنوری 2025 کے عرصہ میں خیموں ، ترپالوں اور کینوس کی برآمدات سے 83.539 ملین ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا تاہم جاری مالی سال میں جولائی تا جنوری 26-2025 کے دوران خیمہ جات ، ترپالوں اور کینوس کی برآمدا ت کا حجم 1.836 ملین ڈالر یعنی 2.19 فیصد کی بڑھوتری سے 85.375 ملین ڈالر تک بڑھ گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے ابتدائی سات مہینوں کے دوران خام روئی سمیت ٹیکسٹائلز کی متفرق برآمدات میں 323.05 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال میں جولائی تا جنوری 25-2024 کے دوران برآمدات کی مالیت 0.616 ملین ڈالر رہی تھی جبکہ رواں مالی سال میں جولائی تا جنوری 26-2025 کے عرصہ میں خام روئی سمیت متفرق ٹیکسٹائل برآمدات کا حجم 1.990 ملین ڈالر یعنی 323.05 فیصد کی نمایاں بڑھوتری سے 2.606 ملین ڈالر تک پہنچ گیا۔

پی بی ایس کے مطابق دسمبر 2025 کے مقابلہ میں جنوری 2026 کے دوران ٹیکسٹائلز کی مجموعی ملکی برآمدات میں 28.72 فیصد اضافہ ہوا ہے اور برآمدات کا حجم 1350.860 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 1738.803 ملین ڈالر تک بڑھ گیا ۔ اسی طرح جنوری 2025 کے مقابلہ میں جنوری 2026 کے دوران ٹیکسٹائلز کی مجموعی ملکی برآمدات 3.13 فیصد کی بڑھوتری سے 1685.905 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 1738.803 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں۔