پانڈا بانڈ کے کامیاب اجراء پر پاکستان کیلئے اے پی اے سی کلائمیٹ بانڈز ایوارڈز کا اعزاز

پانڈا بانڈ کے کامیاب اجراء پر پاکستان کیلئے اے پی اے سی کلائمیٹ بانڈز ایوارڈز کا اعزاز

اسلام آباد۔16ستمبر (اے پی پی):وزیرخزانہ کے مشیرخرم شہزادنے کہاہے کہ پاکستان کو پانڈا بانڈ کے کامیاب اجراء پر 2026 کیلئے اے پی اے سی کلائمیٹ بانڈز ایوارڈز میں پائنیئر سسٹین ایبل ساورن پانڈا بانڈ کے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔بدھ کوسماجی رابطہ کی ویب سائیٹ ایکس پراپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مئی 2026ء میں ایک ارب 75 کروڑ چینی یوآن مالیت کا تین سالہ پانڈا بانڈ جاری کیا تھا جس پر 2.5 فیصد کوپن ریٹ مقرر کیا گیا۔ بانڈ کے اجراء کو عالمی سرمایہ کاروں کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی اور اس کے لیے طلب جاری کردہ حجم سے پانچ گنا سے بھی زیادہ رہی۔

انہوں نے کہاکہ بانڈ کے اجراء سے پاکستان کو ادارہ جاتی سرمایہ کاری کے ایک نئے اور وسیع تر ذریعے تک رسائی حاصل ہوئی جس سے ملک کے خودمختار مالیاتی ذرائع میں تنوع پیدا ہوا اور پاکستان اور چین کے درمیان مالیاتی روابط مزید مستحکم بنانے میں مددملی،پانڈا بانڈ کے اجراء کا عمل حکومت پاکستان، ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک ، ایشیائی ترقیاتی بینک ، چینی حکام، مالیاتی مشیروں اور دیگر مارکیٹ شرکا کے قریبی تعاون سے مکمل کیا گیا۔ بانڈ سے حاصل ہونے والی رقم پانی، توانائی اور صحت سمیت ماحول دوست اور سماجی شمولیت پر مبنی ترقیاتی منصوبوں میں سرمایہ کاری کے لیے استعمال کی جائے گی۔

انہوں نے کہاکہ یہ عالمی اعزاز پاکستان کی بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹس تک بڑھتی ہوئی رسائی میں ایک اور اہم سنگ میل ہے،پانڈا بانڈ کے اجراء سے پاکستان کے سرمایہ کاروں کی بنیاد وسیع کرنے، مالیاتی ذرائع میں تنوع پیدا کرنے اور پائیدار ترقی کے لیے سرمایہ متحرک کرنے میں مدد ملے گی۔پانڈا بانڈ کے ذریعے نئے عالمی منڈیوں تک رسائی، سرمایہ کے متنوع ذرائع اور پائیدار سرمایہ کاری کے فروغ سے پاکستان کی معاشی لچک کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔