فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان۔قطر جوائنٹ بزنس کونسل سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے اور نجی شعبے کے درمیان شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے ایک موثر پلیٹ فارم ثابت ہوگی
پاک،قطر جوائنٹ بزنس کونسل سرمایہ کاری کے نئے مواقع اور نجی شعبے کے درمیان شراکت داری کیلئے موثر پلیٹ فارم ثابت ہوگی، عاطف اکرام شیخ

مزید خبریں
لاہور۔21مئی (اے پی پی):فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان۔قطر جوائنٹ بزنس کونسل سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے اور نجی شعبے کے درمیان شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے ایک موثر پلیٹ فارم ثابت ہوگی۔ایف پی سی سی آئی کے ریجنل آفس لاہور میں پاکستان۔قطر جوائنٹ بزنس کونسل کا افتتاحی ورچوئل اجلاس منعقد ہوا، اجلاس سے ایف پی سی سی آئی کے ریجنل چیئرمین و نائب صدر ذکی اعجاز، قطر چیمبر کے بورڈ ممبر محمد بن احمد العبیدلی، اور ایف پی سی سی آئی پاک۔قطر بزنس کونسل کے چیئرمین محمود ارشد نے خطاب کیا۔اجلاس کے دوران پاکستان اور قطر کے درمیان دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری، مستقبل کی سرگرمیوں، اسٹریٹجک منصوبہ بندی اور مشترکہ کاروباری تعاون کے فروغ کے مختلف پہلووں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ذکی اعجاز نے کہا کہ پاکستان۔قطر جوائنٹ بزنس کونسل دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان تعاون کے فروغ کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔
انہوں نے ایف پی سی سی آئی اور قطر چیمبر کے درمیان جاری تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسی تعاون کے نتیجے میں جوائنٹ بزنس کونسل فعال ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان زراعت، فوڈ سکیورٹی، سیاحت، لاجسٹکس، مینوفیکچرنگ اور انفراسٹرکچر سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے قطری سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان قطری سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتا ہے۔اپنے خطاب میں محمد بن احمد العبیدلی نے کہا کہ قطر اور پاکستان کے تعلقات مسلسل مضبوط ہو رہے ہیں، جنہیں اعلی سطحی ملاقاتوں اور مختلف شعبوں میں ہونے والے معاہدوں سے مزید استحکام ملا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 2025 میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم 11.8 ارب قطری ریال تک پہنچ گیا، جو مضبوط معاشی تعلقات کا مظہر ہے۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ قطر چیمبر تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مکمل تعاون جاری رکھے گا۔انہوں نے پاکستان کو ایک اہم اسٹریٹجک معاشی شراکت دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنی متحرک مارکیٹ، ہنر مند افرادی قوت، اور متنوع سرمایہ کاری مواقع کی وجہ سے خصوصی اہمیت رکھتا ہے، جبکہ قطر کا سرمایہ کاری دوست ماحول قطر نیشنل وژن 2030 سے ہم آہنگ ہے۔
ایف پی سی سی آئی پاک۔قطر بزنس کونسل کے چیئرمین محمود ارشد نے پاکستان اور قطر کے مضبوط معاشی تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ نجی شعبہ دوطرفہ تعاون کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کونسل دونوں ممالک کے تاجروں کے درمیان روابط کو مزید موثر بنائے گی اور سرمایہ کاری و شراکت داری کے نئے مواقع پیدا کرے گی، جس سے تجارت اور باہمی معاشی فوائد میں اضافہ ہوگا۔








