پاکستان، چین میں تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ میں اہم پیش رفت

چین کے شہر گوانگ ژو میں پانچویں پاکستان انویسٹمنٹ اینڈ بزنس انوائرمنٹ ایکسچینج فورم 2026 کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری تعاون کے فروغ کے لیے نئے مواقع کا جائزہ لیا گیا۔

اسلام آباد۔3ستمبر (اے پی پی):چین کے شہر گوانگ ژو میں پانچویں پاکستان انویسٹمنٹ اینڈ بزنس انوائرمنٹ ایکسچینج فورم 2026 کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری تعاون کے فروغ کے لیے نئے مواقع کا جائزہ لیا گیا۔

فورم کے دوران پالیسی مذاکرات، سرمایہ کاری منصوبوں کی پیشکش، صنعتی معاہدوں، بی ٹو بی ملاقاتوں اور پاکستانی مصنوعات کی نمائش کا اہتمام کیا گیا۔ الیکٹرک گاڑیوں، بیٹری مینوفیکچرنگ، تعمیراتی سامان، فرنیچر، پائن نٹس اور میڈیکل و بزنس ٹورازم کے شعبوں میں پانچ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی کیے گئے۔فورم میں توانائی، ای کامرس، تعمیراتی سامان، فرنیچر اور فوڈ پروسیسنگ سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع اجاگر کیے گئے، جبکہ سی پیک کے تحت صنعتی اور انفراسٹرکچر تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی روابط مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔بڑھتے تجارتی روابط، نئی سرمایہ کاری اور کاروباری شراکت داریاں پاکستان اور چین کے اقتصادی تعاون کو نئی جہت دے رہی ہیں۔