پاکستانی تجارتی وفد کی رومانیہ کی وزارتِ معیشت کے حکام سے ملاقات، دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے پر تبادلہ خیال

پاکستانی تجارتی وفد کی رومانیہ کی وزارتِ معیشت کے حکام سے ملاقات، دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے پر تبادلہ خیال

اسلام آباد۔10اکتوبر (اے پی پی):پاکستان رومانیہ بزنس کونسل (پی آر بی سی) کے زیر اہتمام پاکستانی تجارتی وفد نے بخارسٹ میں رومانیہ کی وزارتِ معیشت، ڈیجیٹلائزیشن، انٹرپرینیورشپ اور سیاحت کےحکام سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون اور کاروباری روابط کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد کی قیادت وفد کے سربراہ اور سندھ میں رومانیہ کے نامزد اعزازی قونصل عاطف فاروقی نے کی۔وزارت کے سیکرٹری آف اسٹیٹ ایڈریان پوپ اور رومانیہ کی اتھارٹی برائے ڈیجیٹلائزیشن کے نائب صدر آندرے نکولائے نے وفد کا استقبال کیا۔

ملاقات میں وزارت کے سینئر حکام، بشمول ڈائریکٹرز کلاڈیا منتیانو اور ایڈریان ڈریگومیر اور سینئر ایڈوائزر الیگزینڈرا پودرومارو نے بھی شرکت کی۔پی آر بی سی کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور رومانیہ کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو پائیدار تجارتی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں فریقین نے زراعت، فوڈ پروسیسنگ، مشینری، صنعتی جدت، توانائی، ٹیکسٹائل، ادویہ سازی، صحت، ڈیجیٹلائزیشن، لاجسٹکس اور سیاحت کے شعبوں میں ممکنہ تعاون پر گفتگو کی۔پاکستان رومانیہ بزنس کونسل کے چیئرمین سہیل شمیم فیرو نے پاکستان رومانیہ 100 روزہ بزنس چیلنج کی تجویز پیش کی جس کے تحت تجارت، ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تین قابلِ عمل مواقع کو 100 روز کے اندر متعین اہداف اور پیش رفت کے مراحل تک پہنچانے کی تجویز دی گئی۔

عاطف فاروقی نے کہا کہ پی آر بی سی پاکستانی جانب سے اس اقدام کے لیے تنظیمی امور انجام دینے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے رابطہ افسران کے تعین،ترجیحی شعبوں پر اتفاق اور پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لینے پر مبنی فالو اَپ نظام کی تجویز بھی پیش کی۔ملاقات کے بعد عاطف فاروقی نےسیکرٹری آف اسٹیٹ ایڈریان پوپ اور نائب صدر آندرے نکولائے کا پرتپاک استقبال اور تعمیری بات چیت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وفد بخارسٹ دونوں ممالک کی کمپنیوں کے لیے نتیجہ خیز کاروباری روابط استوار کرنے آیا ہے اور اس ملاقات کو دورے کا اختتام نہیں بلکہ عملی شراکت داری کا آغاز سمجھتا ہے۔

پی آر بی سی نے پاکستان میں رومانیہ کے سفیر ڈین سٹونیسکو کی پاکستان اور رومانیہ کے اقتصادی تعلقات کے فروغ کے لیے قیادت اور عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی ذاتی دلچسپی اور رہنمائی وفد کی کامیابی میں اہم رہی۔کونسل نے اسلام آباد میں رومانیہ کےسفارت خانے کی ٹیم کی منصوبہ بندی اور رابطہ کاری پر بھی شکریہ ادا کیا اور رومانیہ کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے وفد کی رومانیہ کے اداروں کے ساتھ ملاقاتوں میں سہولت فراہم کرنے کو سراہا۔

 

مزید خبریں