سیکرٹری خارجہ عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ پاکستانی سفارت کاروں کی نسلوں نے خلوص، پیشہ وارانہ مہارت اور خاموش عزم کے ساتھ اپنے ملک کی خدمت کی ہے اور اکثر محدود وسائل کے باوجود مگر مقصد کے غیر متزلزل احساس کے ساتھ سخت چیلنجز کا سامنا کیا ہے، ان کی وراثت ہماری طاقت اور ان کی مثال ہماری تحریک ہے۔
پاکستانی سفارت کاروں کی نسلوں نے خلوص، پیشہ وارانہ مہارت اور خاموش عزم کے ساتھ اپنے ملک کی خدمت کی ، عاصم افتخار احمد

مزید خبریں
اسلام آباد۔17اکتوبر (اے پی پی):سیکرٹری خارجہ عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ پاکستانی سفارت کاروں کی نسلوں نے خلوص، پیشہ وارانہ مہارت اور خاموش عزم کے ساتھ اپنے ملک کی خدمت کی ہے اور اکثر محدود وسائل کے باوجود مگر مقصد کے غیر متزلزل احساس کے ساتھ سخت چیلنجز کا سامنا کیا ہے، ان کی وراثت ہماری طاقت اور ان کی مثال ہماری تحریک ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان فارن سروس ڈے 2026 کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئیے ہم اپنی اجتماعی کامیابیوں کا جشن منائیں، اپنے پیش روؤں کی شاندار خدمات کو خراجِ تحسین پیش کریں اور اس ادارے پر فخر کریں جو ہم نے مل کر بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم یہ دن پاکستان کے سفارتی سفر کے ایک خاص موقع کو اہم لمحے کے طور پر پر منا رہے ہیں۔ ہمارے ملک کی بڑھتی ہوئی جغرافیائی سیاسی اہمیت، وسیع ہوتی بین الاقوامی شرکت اور مکالمے کو فروغ دینے اور پرامن حل کی سہولت فراہم کرنے میں تیزی سے تسلیم شدہ کردار، اصولی اور بامقصد سفارت کاری کی دائمی قدر کی عکاسی کرتے ہیں۔ یہ کامیابیاں اعتماد پیدا کرتی ہیں لیکن ہم پر یہ بھی ذمہ داری عائد کرتی ہیں کہ ہم اس رفتار کو برقرار رکھیں اور نئے راستے اور مواقع تلاش کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے گرد و نواح کی دنیا بدل رہی ہے اور سفارت کاری کی نوعیت بھی بدل رہی ہے۔ روایتی سفارت کاری سے آگے، اقتصادی سفارت کاری، عوامی سفارت کاری، اسٹریٹجک کمیونیکیشن اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اس بات کو نئے سرے سے متعین کر رہی ہیں کہ قومیں کیسے رابطہ کرتی ہیں، اثر و رسوخ قائم کرتی ہیں اور اپنے مفادات کو آگے بڑھاتی ہیں۔
ہمیں اپنے سفارتی افق کو وسیع کرنا، جدت کو اپنانا اور نہ صرف تبدیلی کا جواب دینے بلکہ اس کی پیشگی توقع کرنے اور اسے تشکیل دینے کی صلاحیت پیدا کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سب سے بڑی طاقت ہمارے لوگ ہی رہے ہیں۔ ہمارے نوجوان ساتھیوں کی صلاحیت اور نئے زاویے، خواتین سفارت کاروں کی بڑھتی ہوئی شراکتیں اور ہمارے افسران کا اجتماعی تجربہ ایک متحرک، جامع اور مستقبل کی فارن سروس کی بنیاد فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئیے ہم یہ خواہش رکھیں کہ نہ صرف بدلتی دنیا کے ساتھ قدم بہ قدم چلیں بلکہ اس کے رخ کو تشکیل دینے میں بھی مدد کریں، تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ پاکستان کی آواز سنی جائے، اس کے مفادات آگے بڑھیں، اور اقوامِ عالم میں اس کے جائز مقام کو مضبوط کیا جائے۔







