پاکستان فلم انڈسٹری کے معروف مزاحیہ اداکارسعید خان المعروف رنگیلا کی برسی اتوار 24 مئی کو منائی گئی۔ وہ یکم جنوری 1937 کو افغانستان میں پیدا ہوئے اور بچپن میں والدین کا سایہ سر سے اٹھنے کے بعد اپنی بہن کے ہمراہ پشاور منتقل ہو گئے۔
پاکستانی فلم انڈسٹری کے مزاحیہ اداکار رنگیلا کی برسی اتوار کو منائی گئی

مزید خبریں
اسلام آباد۔24مئی (اے پی پی):پاکستان فلم انڈسٹری کے معروف مزاحیہ اداکارسعید خان المعروف رنگیلا کی برسی اتوار 24 مئی کو منائی گئی۔ وہ یکم جنوری 1937 کو افغانستان میں پیدا ہوئے اور بچپن میں والدین کا سایہ سر سے اٹھنے کے بعد اپنی بہن کے ہمراہ پشاور منتقل ہو گئے۔ انہوں نے عملی زندگی کا آغاز باڈی بلڈنگ سے کیا اور ابتدا میں کئی فلموں کے بورڈ ز بھی بنائے اور پھر اسٹیج کی راہ اختیار کرلی۔رنگیلا نے اپنے فلمی کریئر کا آغاز 1958 میں فلم جٹّی سے کیا جس میں انہوں نے اپنی مزاحیہ اداکاری کے جوہر دکھائے۔ 1969 میں ریلیز ہونے والی فلم دیا اور طوفان میں بہترین مزاحیہ اداکاری کے ساتھ سا تھ رنگیلا نے بطور رائٹر، گلو کار، ڈائریکٹر اور پروڈیوسر بھی اپنی قابلیت منوائی۔رنگیلا پروڈکشن کے بینر تلے انہوں نے متعدد فلمیں بھی بنائیں۔ ان کی مشہور فلموں میں رنگیلا، دل اور دنیا، کبڑا عاشق، عورت راج، پردے میں رہنے دو، ایماندار، بے ایمان، انسان اور گدھا اور دو رنگیلے شامل ہیں۔رنگیلا نے فلموں کے عام کامیڈین سے ہیرو بننے تک کا سفر بہت زیادہ محنت اور خداداد صلاحیتوں کے بل پر طے کیا۔ پردہ سکرین پر رنگیلا اور منور ظریف کی جوڑی نے فلم بینوں کو اپنے سحر میں گرفتار کر لیا ۔انہوں نے اپنے دور کی تمام ہیروئینوں کے مقابل مرکزی کردار ادا کئے۔ اداکار رنگیلا کو بہترین اداکاری اور خدمات پر 9 مرتبہ نگار ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔رنگیلا نے اداکاری ، گلوکاری ، ہدایت کاری سمیت ہر شعبے میں اپنے آپ کو منوایا۔1991میں رنگیلا نے جگر اور گردے کے عارضے کے باعث فلمی دنیا سے کنارہ کشی اختیار کرلی اور 24 مئی 2005 کو اس دنیائے فانی سے کوچ کرگئے۔







