پاکستانی نوجوان قومی و بین الاقوامی سطح پر کامیابی حاصل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، چیئرمین ایچ ای سی کا نسٹ میں خطاب

ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے کہا ہے کہ پاکستانی نوجوان بے پناہ صلاحیتوں، قابلیت اور استعداد کے مالک ہیں اور قومی و بین الاقوامی سطح پر کامیابی حاصل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں

اسلام آباد۔23ستمبر (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے کہا ہے کہ پاکستانی نوجوان بے پناہ صلاحیتوں، قابلیت اور استعداد کے مالک ہیں اور قومی و بین الاقوامی سطح پر کامیابی حاصل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے یہ بات نسٹ اسلام آباد میں جی آر ای جنرل تیاری ورکشاپ کی تکمیل پر منعقدہ تقسیم اسناد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ چیئرمین ایچ ای سی نے کہا کہ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں اور انہیں جدید اختراعات سے ہم آہنگ ہو کر عالمی سطح پر کامیابی سے مقابلہ کرنے کی صلاحیت حاصل ہے۔ انہوں نے طلبہ کو 48 گھنٹے پر مشتمل جامع جی آر ای تیاری کورس کامیابی سے مکمل کرنے پر مبارکباد دی۔ یہ ورکشاپ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے نسٹ کے تعاون سے امریکی۔پاکستان نالج کوریڈور کے ٹیلنٹ فارمنگ پروگرام کے تحت منعقد کی۔ ورکشاپ میں 40 طلبہ نے شرکت کی جس کے دوران زبانی استدلال، مقداری استدلال اور تجزیاتی تحریر سمیت جی آر ای امتحان کی تیاری سے متعلق اہم مہارتوں پر توجہ دی گئی۔ ایچ ای سی کے مطابق جی آر ای امتحان میں مطلوبہ کامیابی حاصل کرنے والے اہل طلبہ کو ای ٹی ایس فیس واپس کی جائے گی جبکہ انہیں امریکا۔پاکستان نالج کوریڈور کے تحت وظائف کے لیے بھی زیر غور لایا جا سکتا ہے۔

مزید خبریں