پاکستان آئی ٹی برآمدات، ڈیجیٹل کاروبار اور ٹیکنالوجی کی نئی کمپنیوں کے فروغ کے ذریعے عالمی سطح پر تیزی سے ابھر رہا ہے، مالی سال 26 ۔ 2025 کے دوران پاکستان کی آئی سی ٹی برآمدی ترسیلات میں سالانہ 19.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا
پاکستانی ٹیک سیکٹر کی عالمی منڈیوں تک رسائی سے آئی ٹی برآمدات میں اضافہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔8ستمبر (اے پی پی):پاکستان آئی ٹی برآمدات، ڈیجیٹل کاروبار اور ٹیکنالوجی کی نئی کمپنیوں کے فروغ کے ذریعے عالمی سطح پر تیزی سے ابھر رہا ہے، مالی سال 26 ۔ 2025 کے دوران پاکستان کی آئی سی ٹی برآمدی ترسیلات میں سالانہ 19.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ایس آئی ایف سی کی طرف سے جاری بیان کے مطابق پاکستان کے آئی سی ٹی شعبے نے 2.91 ارب ڈالر کا تجارتی سرپلس حاصل کیا، جو ملکی معیشت میں ٹیکنالوجی کے شعبے کے بڑھتے ہوئے کردار کی عکاسی کرتا ہے۔ملک میں آئی ٹی اور ڈیجیٹل سرگرمیوں میں اضافے کے ساتھ سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان میں آئی ٹی اور آئی ٹی سروسز سے متعلق 872 نئی کمپنیاں بھی رجسٹر ہوئیں، جو ٹیک سیکٹر میں کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے بڑھتے ہوئے رجحان کو ظاہر کرتی ہیں۔پاکستانی ٹیک کمپنیاں، ڈیجیٹل ایجنسیاں اور ای کامرس کاروبار تیزی سے عالمی منڈیوں تک رسائی حاصل کر رہے ہیں۔ حال ہی میں 20 سےزیادہ پاکستانی کمپنیوں نے سعودی عرب میں منعقدہ ایک بین الاقوامی نمائش میں شرکت کرتے ہوئے پاکستانی ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل خدمات کو عالمی سطح پر متعارف کرایا۔
خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) بھی پاکستان کے آئی ٹی شعبے کی ترقی، ڈیجیٹل معیشت کے فروغ اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنے کے لیے اہم کردار ادا کر رہی ہے۔دوسری جانب جدید مالیاتی انفراسٹرکچر نے عالمی کرنسیوں میں ادائیگیوں کی وصولی اور بین الاقوامی فنڈز کے مؤثر انتظام کو آسان بنانے میں معاونت فراہم کی ہے، جس سے عالمی سطح پر خدمات فراہم کرنے والی پاکستانی ٹیک کمپنیوں کے لیے کاروباری ماحول مزید بہتر ہو رہا ہے۔آئی ٹی برآمدات میں مسلسل اضافہ، نئی ٹیک کمپنیوں کا قیام، عالمی منڈیوں تک رسائی اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی ترقی پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کر رہے ہیں۔







