پاکستانی ہائی کمشنر نعیم خان کا برونڈی کا دورہ، اقتصادی و سفارتی روابط مضبوط بنانے کیلئے اہم ملاقاتیں
پاکستانی ہائی کمشنر نعیم خان کا برونڈی کا دورہ، اقتصادی و سفارتی روابط مضبوط بنانے کیلئے اہم ملاقاتیں

مزید خبریں
اسلام آباد۔21ستمبر (اے پی پی):روانڈا، انگولا اور برونڈی میں پاکستان کے ہائی کمشنر نعیم خان نے حال ہی میں برونڈی کا کامیاب دورہ کیا جو پاکستان اور برونڈی کے درمیان سفارتی، اقتصادی اور عوامی سطح کے روابط کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔پیر کو یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق سفیر نعیم خان نے اپنے دورے کے دوران اعلیٰ حکومتی حکام، کاروباری رہنماؤں، سفارتی برادری کے ارکان، سول سوسائٹی کے نمائندوں، ماہرین تعلیم، فنکاروں، طلبہ اور پاکستانی کمیونٹی کے ارکان کے ساتھ متعدد مفید ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے راستے تلاش کرنے کا موقع فراہم ہوا۔سفیر نعیم خان نے برونڈی کے وزیر خارجہ اور متعلقہ وزارتوں کے دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں جن میں دوطرفہ تعلقات اور تعاون کو وسعت دینے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقاتوں کے دوران خصوصی توجہ تجارتی روابط بڑھانے، کاروبار سے کاروبار کے رابطوں کی حوصلہ افزائی اور ایسے شعبوں کی نشاندہی پر مرکوز رہی جہاں پاکستان اور برونڈی زیادہ اقتصادی تعاون سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔سفیر نعیم خان نے برونڈی کے ترقیاتی اداروں، چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز، کاروباری افراد، درآمد کنندگان اور برآمد کنندگان سے بھی ملاقاتیں کیں، ان رابطوں سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں اضافے کی خاطر خواہ صلاحیت اجاگر ہوئی۔بات چیت کے دوران پاکستانی کاروباری اداروں کے لئے برونڈی کے ہم منصبوں کے ساتھ مضبوط روابط استوار کرنے اور دونوں جانب سے ایسی مصنوعات، خدمات اور سرمایہ کاری کے شعبوں کی نشاندہی کے مواقع کا جائزہ لیا گیا جو دوطرفہ تجارت میں اضافے میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔
سفیر نعیم خان نے پاکستانی کمیونٹی اور برونڈی میں پاکستانی ایسوسی ایشن کے ارکان سے بھی ملاقات کی اور پاکستان و برونڈی کے عوام کے درمیان روابط مضبوط بنانے اور پاکستان کے اقتصادی و ثقافتی مفادات کے فروغ میں ان کی خدمات کو سراہا ۔ انہوں نے کمیونٹی کے ارکان کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ پاکستان اور برونڈی کے درمیان روابط کے فروغ میں تعمیری کردار جاری رکھیں۔سول سوسائٹی کے رہنماؤں، پروفیسرز اور طلبہ کے ساتھ ملاقاتوں میں پاکستان اور برونڈی کے عوام کے درمیان بہتر تفہیم پیدا کرنے کے لئے ثقافتی، تعلیمی اور سماجی تبادلوں کی اہمیت اجاگر کی گئی۔ سفیر نعیم خان کی سفارتی سرگرمیاں افریقہ میں پاکستان کے وسیع تر اقتصادی رابطہ کاری کے لئے کوششوں کی عکاسی کرتی ہیں۔
برونڈی، روانڈا اور انگولا سے متعلق اپنی ذمہ داریوں کے علاوہ ان کے اقدامات کا مقصد خطے بھر میں پاکستان کی تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، ثقافت اور کاروباری صلاحیتوں کے بارے میں زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کرنا ہے۔برونڈی کا دورہ موجودہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے ساتھ تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کے لئے ایک مفید پلیٹ فارم ثابت ہوا جہاں حکومتی، کاروباری، تعلیمی، ثقافتی اور کمیونٹی کی سطح پر ہونے والے مذاکرات سے دوطرفہ روابط کو وسعت دینے میں مشترکہ دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔مسلسل سفارتی روابط، مضبوط ادارہ جاتی تعلقات اور دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان بڑھتے ہوئے روابط کے ذریعے پاکستان اور برونڈی کے پاس اپنے تعلقات کو مزید فروغ دینے اور باہمی مفاد پر مبنی تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے لئے مضبوط بنیاد قائم کرنے کے مواقع موجود ہیں۔








