پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اسلام آباد میں چوتھی سہ ماہی ای سی جی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ شہید شاہد نواز آڈیٹوریم، کارڈیک سینٹر پمز میں منعقد ہوئی، جو 55ویں سالانہ بین الاقوامی کارڈیوکون 2026 کی پیشگی علمی سرگرمیوں کا حصہ تھی
پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں چوتھی سہ ماہی ای سی جی ورکشاپ کا انعقاد

مزید خبریں
اسلام آباد۔21اکتوبر (اے پی پی):پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اسلام آباد میں چوتھی سہ ماہی ای سی جی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ شہید شاہد نواز آڈیٹوریم، کارڈیک سینٹر پمز میں منعقد ہوئی، جو 55ویں سالانہ بین الاقوامی کارڈیوکون 2026 کی پیشگی علمی سرگرمیوں کا حصہ تھی۔پمز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر تنویر خالق نے ورکشاپ میں بطور مہمانِ اعزاز شرکت کی۔ ورکشاپ کا مقصد پیچیدہ الیکٹروکارڈیوگرام (ای سی جی) کی درست تشریح کی صلاحیت کو بہتر بنانا اور دل کی دھڑکن کی بے قاعدگیوں کی بروقت تشخیص اور موثر علاج میں اس کے عملی استعمال کو فروغ دینا تھا۔ ورکشاپ کی قیادت پمز کے شعبۂ الیکٹرو فزیالوجی کے سربراہ پروفیسر بریگیڈیئر عظمت حیات نے بطور ڈائریکٹر ورکشاپ کی، جبکہ ڈاکٹر شہاب سید اللہ نے ورکشاپ سیکرٹری اور ڈاکٹر منیبہ سعید نے موڈریٹر کے فرائض انجام دیئے ۔ ورکشاپ کے علمی و سائنسی سیشنز میں ڈاکٹر صالحہ، ڈاکٹر کرنل عاطف رئوف، ڈاکٹر قربان حسین خان، ڈاکٹر حسن کمال اور ڈاکٹر شہاب سیّداللہ نے شرکت کی اور مختلف موضوعات پر اظہارِ خیال کیا۔
ان موضوعات میں سِک سائنَس سنڈروم، دل کی سست دھڑکن، تنگ اور چوڑے کمپلیکس والی تیز دھڑکن (ٹیکی کارڈیا) اور دل کے برقی نظام سے متعلق موروثی عوارض شامل تھے، جو بالخصوص فوری طبی امداد اور ہنگامی حالات میں اہمیت رکھتے ہیں۔پروفیسر بریگیڈیئر عظمت حیات نے پیچیدہ ای سی جی نتائج کی تشریح پر ایک انٹرایکٹو سیشن کی قیادت بھی کی، جس میں شرکاء کو عملی طبی مثالوں کے ذریعے ای سی جی کی تشریح اور اس کے نتائج کو سمجھنے کا موقع فراہم کیا گیا۔ورکشاپ کو پوسٹ گریجویٹ ٹرینیز، میڈیکل افسران، ہائوس آفیسرز، میڈیکل طلبہ، نرسز اور ٹیکنیشنز کی پیشہ ورانہ تربیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دیا گیا تھا۔ اس کا بنیادی مقصد ای سی جی کی تشریح کو عملی طبی فیصلوں سے مربوط کرنا اور دل کی دھڑکن میں ایسی خطرناک بے قاعدگیوں کی بروقت نشاندہی کو یقینی بنانے میں معاونت فراہم کرنا تھا جو مریض کی زندگی کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔
یہ ورکشاپ کارڈیوکون 2026 سے قبل منعقد ہونے والی علمی سرگرمیوں کا حصہ تھی۔ 55ویں سالانہ بین الاقوامی کارڈیوکون 2026 کا انعقاد 19 سے 22 نومبر 2026 تک اسلام آباد کے سرینا ہوٹل میں کیا جائے گا۔ کانفرنس کا موضوع ”قلبی صحت میں درستگی، مساوات اور عملی اقدامات“ ہے۔







