پاکستان اور اسلامی ترقیاتی بینک کے درمیان 5.6 ارب ڈالر کے ترقیاتی تعاون کو تیز کرنے پر اتفاق، ایم6 موٹروے اور ایم یل ون ریلوے منصوبے زیر غور

وفاقی وزی اقتصادی امور احد چیمہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور اسلامی ترقیاتی بینک گروپ کے درمیان بنیادی ڈھانچے کی ترقی، تجارت کے فروغ، نجی سرمایہ کاری اور پولیو کے خاتمے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید تیز کیا جائے گا جبکہ 2026ء تا 2030ء کی ممبر کنٹری پارٹنرشپ سٹریٹجی کے تحت تقریبا 5.6 ارب ڈالر کی متوقع مالی معاونت کو ٹھوس ترقیاتی منصوبوں میں تبدیل کرنا ضروری …

اسلام آباد۔15اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزی اقتصادی امور احد چیمہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور اسلامی ترقیاتی بینک گروپ کے درمیان بنیادی ڈھانچے کی ترقی، تجارت کے فروغ، نجی سرمایہ کاری اور پولیو کے خاتمے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید تیز کیا جائے گا جبکہ 2026ء تا 2030ء کی ممبر کنٹری پارٹنرشپ سٹریٹجی کے تحت تقریبا 5.6 ارب ڈالر کی متوقع مالی معاونت کو ٹھوس ترقیاتی منصوبوں میں تبدیل کرنا ضروری ہے ۔انہوں نے یہ بات جمعرات کو بنکاک میں عالمی بینک گروپ اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پر اسلامی ترقیاتی بینک گروپ کے چیئرمین ڈاکٹر محمد سلیمان الجاسر سے ملاقات میں کہی۔ ملاقات میں پاکستان کے ساتھ ترقیاتی تعاون کو تیز کرنے اور ترجیحی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

وفاقی وزیر نے ڈاکٹر الجاسر کو دوسری پانچ سالہ مدت کے لیے دوبارہ چیئرمین منتخب ہونے پر مبارک باد دی اور اسلامی ترقیاتی بینک کی قیادت پر پاکستان کے اعتماد کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ متوقع مالی معاونت کو موثر بنانے کے لیے منصوبوں کی واضح فہرست تیار کی جائے جس میں مالی منظوری، رقوم کے اجراء اور عمل درآمد کے لیے مقررہ اوقات کار شامل ہوں۔احد خان چیمہ نے سکھرحیدرآباد ایم-6 موٹروے کے لیے اسلامی ترقیاتی بینک کی جانب سے 475 ملین ڈالر کی مالی معاونت کو سراہا اور پاکستان کے پولیو کے خاتمے کے پروگرام کے لیے مسلسل تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس پروگرام کے پانچویں مرحلے کے لیے حال ہی میں منظور کی گئی 100 ملین ڈالر کی معاونت کا بھی خیرمقدم کیا۔

انہوں نے ایم ایل-1 ریلوے اپ گریڈیشن منصوبے کو پاکستان کے ریلوے نیٹ ورک کی جدید کاری، رابطہ کاری میں بہتری اور معاشی مسابقت بڑھانے کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے اسلامی ترقیاتی بینک سے مزید مالی معاونت کی درخواست کی۔ انہوں نے منصوبے کی تیاری اور عمل درآمد میں تیزی لانے کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک اور دیگر شریک مالیاتی اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ کاری پر بھی زور دیا۔وفاقی وزیر نے تجارت کے فروغ اور نجی سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے اسلامی ترقیاتی بینک گروپ کے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مربوط تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس تعاون کے ذریعے برآمدات کے لیے مالی معاونت، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار، بنیادی ڈھانچے، سرکاری و نجی شراکت داری اور توانائی کی منتقلی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع بڑھائے جاسکتے ہیں۔

انہوں نے مالی سال 2025-26 کے دوران انٹرنیشنل اسلامک ٹریڈ فنانس کارپوریشن کے ذریعے ایک ارب ڈالر سے زائد کی تجارتی مالی معاونت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے بہتر ہوتے معاشی اشاریوں اور کریڈٹ پروفائل کے پیش نظر آئندہ مالی سہولیات زیادہ مسابقتی شرائط پر فراہم کی جائیں۔اس موقع پر ڈاکٹر محمد سلیمان الجاسر نے حکومت پاکستان کے اقتصادی ترقی کے وژن کو سراہا اور ملک کی ترقیاتی ترجیحات کے حصول میں تعاون جاری رکھنے کے لیے اسلامی ترقیاتی بینک گروپ کے عزم کا اعادہ کیا۔ملاقات میں دونوں جانب سے موثر عمل درآمد، تبدیلی کا باعث بننے والی سرمایہ کاری اور قابل پیمائش ترقیاتی نتائج کے حصول کے لیے مضبوط اور نتائج پر مبنی شراکت داری کی اہمیت پر اتفاق کیا گیا۔