پاکستان اور اٹلی کے درمیان تجارت میں نمایاں بہتری، 6 ماہ میں 23 فیصد سے زائد سرپلس ریکارڈ

اسلام آباد۔2فروری (اے پی پی):پاکستان اور اٹلی کے درمیان اشیاء اور خدمات کی تجارت مالی سال 26 ۔ 2025 کے پہلے چھ ماہ کے دوران مثبت رجحان کے ساتھ 23.54 فیصد سرپلس ریکارڈ کرنے میں کامیاب رہی ۔سٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جولائی تا دسمبر 26 ۔ 2025 کے دوران پاکستان کو اٹلی کے ساتھ تجارت میں 352.814 ملین امریکی ڈالر کا سرپلس …

اسلام آباد۔2فروری (اے پی پی):پاکستان اور اٹلی کے درمیان اشیاء اور خدمات کی تجارت مالی سال 26 ۔ 2025 کے پہلے چھ ماہ کے دوران مثبت رجحان کے ساتھ 23.54 فیصد سرپلس ریکارڈ کرنے میں کامیاب رہی ۔سٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جولائی تا دسمبر 26 ۔ 2025 کے دوران پاکستان کو اٹلی کے ساتھ تجارت میں 352.814 ملین امریکی ڈالر کا سرپلس حاصل ہوا، جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 285.585 ملین ڈالر تھا۔اعداد و شمار کے مطابق مذکورہ مدت میں اٹلی کو پاکستان کی مجموعی برآمدات 612.888 ملین ڈالر رہیں، جو گزشتہ سال کے 570.082 ملین ڈالر کے مقابلے میں 7.50 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہیں۔

سالانہ بنیاد پر دسمبر 2025 میں اٹلی کو برآمدات 12.36 فیصد بڑھ کر 99.576 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں، جبکہ ماہانہ بنیاد پر نومبر کے مقابلے میں برآمدات میں 21.02 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔تاہم مجموعی طور پر پاکستان کی دنیا بھر کو برآمدات میں چھ ماہ کے دوران 4.97 فیصد کمی دیکھی گئی، جو 16.319 ارب ڈالر سے کم ہو کر 15.507 ارب ڈالر رہیں۔دوسری جانب جولائی تا دسمبر 2025-26 کے دوران اٹلی سے درآمدات 260.074 ملین ڈالر رہیں، جو گزشتہ سال کے 284.497 ملین ڈالر کے مقابلے میں 8.58 فیصد کمی ظاہر کرتی ہیں۔

البتہ دسمبر 2025 میں اٹلی سے درآمدات میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا، جو سالانہ بنیاد پر 145.97 فیصد اور ماہانہ بنیاد پر 163.44 فیصد بڑھ گئیں۔اعداد و شمار کے مطابق زیرِ جائزہ مدت میں پاکستان کی مجموعی درآمدات میں 12.26 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 27.902 ارب ڈالر سے بڑھ کر 31.325 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔حکومت کا کہنا ہے کہ پاکستان اور اٹلی کے درمیان بڑھتا ہوا تجارتی سرپلس دونوں ممالک کے مضبوط ہوتے اقتصادی تعلقات اور پاکستانی برآمدات میں تنوع کا مظہر ہے۔