پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو تعلیمی، تحقیقی اور اقتصادی تعاون کے ذریعے مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے، ایتھوپین سفیر

پاکستان میں ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر عمر حسین اوبا نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان دیرینہ دوستانہ، باہمی احترام اور عوامی روابط پر مبنی تعلقات قائم ہیں جنہیں تعلیمی، تحقیقی اور اقتصادی تعاون کے ذریعے مزید مضبوط اور نتیجہ خیز بنایا جا سکتا ہے۔ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں منعقد ہونے والے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایتھوپیا افریقہ کا ایک اہم …

اسلام آباد۔24ستمبر (اے پی پی):پاکستان میں ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر عمر حسین اوبا نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان دیرینہ دوستانہ، باہمی احترام اور عوامی روابط پر مبنی تعلقات قائم ہیں جنہیں تعلیمی، تحقیقی اور اقتصادی تعاون کے ذریعے مزید مضبوط اور نتیجہ خیز بنایا جا سکتا ہے۔ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں منعقد ہونے والے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایتھوپیا افریقہ کا ایک اہم سفارتی مرکز اور افریقی یونین کا میزبان ملک ہے اور پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔

انہوں نے تحقیق کو دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی تعاون کا مرکزی نقطہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایتھوپیا کی جامعات اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے درمیان تحقیقی تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے محققین اور جامعات مشترکہ تحقیقی منصوبوں اور علمی سرگرمیوں کے ذریعے ایک دوسرے کے تجربات اور مہارتوں سے استفادہ کر سکتے ہیں۔ایتھوپیا کے سفیرنے کہا کہ یہ تعاون بالخصوص زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی، سماجی علوم، ووکیشنل ایجوکیشن اور تعلیم کے دیگر اہم شعبوں میں مشترکہ تحقیق اور علمی اشتراک کے لیے موثر پلیٹ فارم فراہم کر سکتا ہے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان 53 سالہ سفارتی تعلقات باہمی تعاون اور دوستی کی مضبوط بنیاد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم اور تحقیق دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے اہم ذرائع ہیں۔ انہوں نے ایتھوپیا کی جامعات کے ساتھ ٹیچر ایجوکیشن، زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی، ووکیشنل ٹریننگ اور دیگر تعلیمی و تحقیقی شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ اجلاس دونوں ممالک کی جامعات کے درمیان بامعنی تعلیمی و تحقیقی اشتراک کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں دونوں ممالک کے تعلیمی اداروں کے درمیان روابط مزید وسعت اختیار کریں گے۔

یونیورسٹی کے رجسٹرار راجہ عمر یونس نے استقبالیہ کلمات میں کہا کہ ایتھوپیا کے سفیر کی علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی آمد ہمارے لیے باعثِ فخر ہے۔ اجلاس میں ڈائریکٹر انٹرنیشنل کولیبوریشن اینڈ ایکسچینج ڈاکٹر راہد مجید نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی تاریخ، تعلیمی خدمات اور مختلف شعبوں میں جاری سرگرمیوں کے حوالے سے پریزنٹیشن پیش کی۔اس موقع پر پاکستان اور ایتھوپیا کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔اختتام پر پاکستان اور ایتھوپیا کے دوستانہ تعلقات کو ماحول دوست اور پائیدار مستقبل کے مشترکہ عزم سے جوڑتے ہوئے’’ایتھوپین گرین لیگیسی انیشیٹو‘‘ کے تحت ایتھوپیا کے سفیر اور وائس چانسلر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے پودے لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔

 

مزید خبریں