وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ اور ایشیائی ترقیاتی بینک اے ڈی بی کے صدر ماساتو کانڈا نے پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات کے تحت تعاون مزید مضبوط بنانے، ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد تیز کرنے اور ایم ایلون ریلوے اپ گریڈیشن منصوبے کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔یہ اتفاق وفاقی وزیر اقتصادی امور اور اے ڈی بی میں پاکستان کے گورنر احد چیمہ کی بنکاک میں بینک کے صدر …
پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کا ترقیاتی شراکت داری مضبوط بنانے پر اتفاق، ایم ایل ون منصوبے کی جلد پیش رفت پر زور

مزید خبریں
بنکاک۔15اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ اور ایشیائی ترقیاتی بینک اے ڈی بی کے صدر ماساتو کانڈا نے پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات کے تحت تعاون مزید مضبوط بنانے، ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد تیز کرنے اور ایم ایلون ریلوے اپ گریڈیشن منصوبے کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔یہ اتفاق وفاقی وزیر اقتصادی امور اور اے ڈی بی میں پاکستان کے گورنر احد چیمہ کی بنکاک میں بینک کے صدر ماساتو کانڈا سے ملاقات کے دوران ہوا۔ ملاقات میں اے ڈی بی کی کنٹری پارٹنرشپ اسٹریٹجی 2026-2030 کے تحت پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانے، ترقیاتی مالی معاونت کو موثر بنانے اور نجی شعبے کی سرمایہ کاری کے فروغ کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔
احد چیمہ نے ماساتو کانڈا کو دوسری مدت کے لئے اے ڈی بی کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان کے ساتھ بینک کی دیرینہ شراکت داری کو سراہا۔ انہوں نے کنٹری پارٹنرشپ سٹریٹجی 2026-2030 کی منظوری کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے زیادہ موثر اور نتائج پر مبنی تعاون کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا۔وفاقی وزیر نے پاکستان میں نجی شعبے کی قیادت میں ترقی کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اے ڈی بی کی حکومتی ضمانت کے بغیر نجی شعبے کے منصوبوں میں سرمایہ کاری سے متعلق سرگرمیوں کو وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے سرمایہ کاری کے عمل میں سہولت، سرکاری و نجی شراکت داری کے منصوبوں کی موثر تیاری اور ان پر عملدرآمد کے لئے پاکستان میں بینک کی مقامی موجودگی مزید مضبوط بنانے کی اہمیت بھی اجاگر کی۔
انہوں نے ترقیاتی مالی معاونت کو قابلِ برداشت بنانے اور اے ڈی بی کے قرضوں کے طریقہ کار میں زیادہ لچک پیدا کرنے پر بھی زور دیا تاکہ پاکستان کی ترقیاتی ضروریات پوری کرنے اور نجی شعبے کی سرگرمیوں میں اضافے کے لئے وسائل زیادہ موثر انداز میں بروئے کار لائے جا سکیں۔ایم ایل-1 ریلوے اپ گریڈیشن منصوبے کو پاکستان کے ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس نظام کی جدید کاری کے لئے اہم قرار دیتے ہوئے احد چیمہ نے اس منصوبے کو آگے بڑھانے میں اے ڈی بی کے قائدانہ کردار کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ منصوبے سے ریلوے کوریڈور کی استعداد بہتر بنانے اور علاقائی رابطہ کاری مضبوط کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے منصوبے کے فزیبلٹی مطالعے کی جلد تکمیل اور خریداری کا عمل شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔اے ڈی بی کے صدر ماساتو کانڈا نے پاکستان کے ساتھ بینک کے مسلسل تعاون کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ایم ایلون منصوبے سے متعلق بینک کے ادارہ جاتی مراحل تیز کرنے میں معاونت کی یقین دہانی کرائی۔ملاقات کے اختتام پرفریقین نے ترقیاتی شراکت داری مزید مضبوط بنانے، مشترکہ ترجیحات کو آگے بڑھانے اور منصوبوں پر عمل درآمد تیز کرنے کے لئے قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا ۔







