پاکستان اور بحرین کے درمیان قریبی دوطرفہ تعلقات کو دونوں ممالک کے عوام کے لیے ٹھوس نتائج میں تبدیل کیا جائے، اسحاق ڈار
پاکستان اور بحرین کے درمیان قریبی دوطرفہ تعلقات کو دونوں ممالک کے عوام کے لیے ٹھوس نتائج میں تبدیل کیا جائے، اسحاق ڈار

مزید خبریں
اسلام آباد۔9اکتوبر (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بحرین کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے اس امر پر زور دیا ہے کہ قریبی دوطرفہ تعلقات کو دونوں ممالک کے عوام کے لیے ٹھوس نتائج میں تبدیل کیا جائے جبکہ بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون وسعت دینے کے لیے بحرین کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے 7 اور 8 اکتوبر 2026 کو پاکستان کا سرکاری دورہ کیا۔
دورے کے دوران انہوں نے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سے دوطرفہ مذاکرات کیے جبکہ صدر مملکت اور وزیراعظم سے بھی ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز سے بھی ملاقات کی۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے وزارتِ خارجہ میں پاکستان۔بحرین مشترکہ وزارتی کمیشن (جے ایم سی) کے تیسرے اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔ دونوں فریقین نے تجارت و سرمایہ کاری، زراعت و غذائی تحفظ، توانائی، بحری امور، انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن، صحت و تعلیم، محنت و افرادی قوت اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے رابطوں کو مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط و میل جول کو فروغ دینے کے اقدامات پر بھی بات چیت کی۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے بحرین کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ قریبی دوطرفہ تعلقات کو دونوں ممالک کے عوام کے لیے ٹھوس نتائج میں تبدیل کیا جائے۔ انہوں نے مشترکہ ورکنگ گروپس سمیت ادارہ جاتی طریقہ کار کے ذریعے طے شدہ فیصلوں پر مؤثر عمل درآمد اور ان پر باقاعدگی سے پیش رفت کا جائزہ لینے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون وسعت دینے کے لیے بحرین کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے بحرین کی ترقی اور خوشحالی میں پاکستانی برادری کے قابلِ قدر کردار کا بھی اعتراف کیا۔
مشترکہ وزارتی کمیشن کے تیسرے اجلاس کے اختتام پر دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے اجلاس کے پروٹوکول پر دستخط کیے۔ دونوں فریقین نے مشترکہ وزارتی کمیشن کا چوتھا اجلاس آئندہ سال منامہ میں منعقد کرنے پر بھی اتفاق کیا۔دونوں جانب سے علاقائی و عالمی صورتِ حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور اقوام متحدہ سمیت کثیرالفریقی فورمز پر تعاون پر گفتگو ہوئی۔ بحرین کے وزیر خارجہ نے آبنائے ہرمز کی صورتِ حال کے حوالے سے اپنے ملک کے مؤقف کی وضاحت کی اور خطے میں حالیہ بحرانوں کے دوران، بالخصوص اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں، پاکستان کے سفارتی کردار کو سراہا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے فلسطین، بھارت کے غیر قانونی زیرِتسلط جموں و کشمیر، سندھ طاس معاہدے اور افغانستان سے جنم لینے والے دہشت گردی کے خطرات کے حوالے سے پاکستان کے اصولی مؤقف کو اجاگر کیا۔یہ دورہ پاکستان اور بحرین کے دوطرفہ تعلقات میں پیش رفت کا جائزہ لینے اور باہمی تعاون کو مزید تقویت دینے کا اہم موقع ثابت ہوا۔ اس سے دونوں ممالک کے درمیان قریبی اور برادرانہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے مشترکہ عزم کا بھی اعادہ ہوا۔








