پاکستان اور جرمنی اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری اور پارلیمانی روابط مزید فروغ دیں، چیئرمین سینیٹ

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال باہمی طور پر مفید اور مستقبل پر مبنی شراکت داری کی مضبوط بنیاد ہیں، دونوں ممالک اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری، تعلیم اور پارلیمانی روابط کو مزید فروغ دیں۔جرمنی کے قومی دن کے سلسلے میں اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور جرمنی …

اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال باہمی طور پر مفید اور مستقبل پر مبنی شراکت داری کی مضبوط بنیاد ہیں، دونوں ممالک اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری، تعلیم اور پارلیمانی روابط کو مزید فروغ دیں۔جرمنی کے قومی دن کے سلسلے میں اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور جرمنی کے دیرینہ دوستانہ تعلقات باہمی احترام، اعتماد اور تعاون پر استوار ہیں جبکہ جرمن یوم اتحاد قومی یکجہتی، استقامت اور مشترکہ خوشحالی کی علامت ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ علامہ محمد اقبال اور ڈاکٹر روتھ فاء کی خدمات نے پاکستان اور جرمنی کے تعلقات کو مزید تقویت بخشی۔ انہوں نے ترقیاتی شعبوں، ماحولیاتی اقدامات، خواتین کو بااختیار بنانے اور انسانی ترقی کے لیے جرمنی کے تعاون کو قابل تحسین قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ جی ایس پی پلس سکیم کے تحت پاکستان کی مسلسل شمولیت کے لیے جرمنی کی حمایت اہمیت کی حامل ہے، خصوصی اقتصادی زونز، قابل تجدید توانائی، اطلاعاتی ٹیکنالوجی اور صنعتی ترقی کے شعبوں میں جرمن سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔سید یوسف رضا گیلانی نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان قدر افزا مصنوعات کی تیاری، صنعتی ترقی اور کاروباری شراکت داری کو فروغ دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی، تحقیق اور صنعتی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں جن سے دونوں ممالک استفادہ کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جرمن جامعات میں پاکستانی طلبہ کی بڑھتی ہوئی موجودگی دونوں ممالک کے مضبوط عوامی روابط کی عکاس ہے۔ انہوں نے پاکستانی طلبہ اور خاندانوں کے دوبارہ ملاپ کے ویزوں میں تاخیر سے متعلق مسائل پر توجہ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔چیئرمین سینیٹ نے ہنرمند افرادی قوت کی نقل و حرکت کے شعبے میں پاکستان اور جرمنی کے درمیان تعاون کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی اور پیشہ ورانہ روابط کو مزید مستحکم کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور جرمنی کی پارلیمانوں کے درمیان باقاعدہ روابط اور قریبی مشاورت امن و استحکام کے فروغ میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے، دونوں ممالک عالمی اور علاقائی امور پر پارلیمانی روابط کو مزید مضبوط بنائیں تاکہ باہمی افہام و تفہیم اور تعاون کو وسعت دی جا سکے۔چیئرمین سینیٹ نے جرمن قیادت کو پاکستان کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ مسلسل روابط اور اعلیٰ سطح کے تبادلوں سے دونوں ممالک کی شراکت داری مزید موثر اور مضبوط ہوگی۔