پاکستان اور جمہوریہ کوریا کے درمیان سی ای پی اے مذاکرات کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل ، دوسرے مرحلے کا آغاز جلد متوقع ہے، وفاقی وزیر تجارت

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور جمہوریہ کوریا کے درمیان سی ای پی اے مذاکرات کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہو چکا ہے جبکہ دوسرے مرحلے کا آغاز جلد متوقع ہے، معاہدہ حتمی شکل اختیار کرنے کے بعد پاکستانی برآمد کنندگان کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے

اسلام آباد۔20اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور جمہوریہ کوریا کے درمیان سی ای پی اے مذاکرات کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہو چکا ہے جبکہ دوسرے مرحلے کا آغاز جلد متوقع ہے، معاہدہ حتمی شکل اختیار کرنے کے بعد پاکستانی برآمد کنندگان کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو کانفرنس سے بطور مہمانِ خصوصی وڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ترجمان وزارت تجارت کے مطابق پاکستان-کوریا تجارت و سرمایہ کاری کانفرنس سیئول میں منعقد ہوئی، جس میں پاکستان اور کوریا کے 170 سے زائد کاروباری افراد نے شرکت کی، جبکہ دونوں ممالک کی کمپنیوں کے درمیان چھ مفاہمت کی یادداشتوں (MOUs) پر دستخط کیے گئے۔وفاقی وزیر نے دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں پر زور دیا کہ وہ معاہدے کی تکمیل سے قبل کانفرنس کے فراہم کردہ پلیٹ فارم سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹھوس کاروباری شراکت داری قائم کریں۔کانفرنس میں 91 کوریائی اور 82 پاکستانی کاروباری افراد نے شرکت کی، جن میں کوریا میں مقیم پاکستانی تارکینِ وطن، سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندے بھی شامل تھے۔کانفرنس کی کارروائی کا آغاز جمہوریہ کوریا میں پاکستان کے سفیر کے استقبالیہ خطاب سے ہوا، جس کے بعد ڈائیگو چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وائس چیئرمین نے اظہارِ خیال کیا۔خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) کے حکام نے بھی شرکا کو بریفنگ دی اور ٹیکسٹائل و ملبوسات، چمڑے کی مصنوعات، جراحی و کھیلوں کے سامان، زرعی و غذائی مصنوعات، معدنیات اور آئی ٹی خدمات کے شعبوں میں پاکستان کی برآمدی صلاحیت کو اجاگر کیا۔خصوصی کاروباری روابط (B2B) اجلاسوں کے دوران سیالکوٹ، گوجرانوالہ اور دیگر چیمبرز آف کامرس کی نمائندگی کرنے والی پاکستانی کمپنیوں نے اپنے کوریائی ہم منصبوں کے ساتھ چھ مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے۔ ان معاہدوں میں نمک، کاسمیٹکس، تیل اور تل کے بیجوں کی تجارت سمیت مختلف شعبے شامل ہیں۔توقع ہے کہ یہ مفاہمت کی یادداشتیں متعلقہ کمپنیوں کے درمیان حتمی تجارتی معاہدوں کی بنیاد ثابت ہوں گی۔کانفرنس کا انعقاد پاکستان بزنس ایسوسی ایشن آف کوریا (PBA) اور سفارتخانہ پاکستان، سیئول کے تعاون سے کیا گیا سفارتخانہ پاکستان، سیئول کا کمرشل ونگ کوریائی سرمایہ کاروں اور تجارتی شراکت داروں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے مرکزی رابطہ مرکز کے طور پر اپنا کردار جاری رکھے گا۔اس موقع پر یہ بھی اعلان کیا گیا کہ سیئول میں مارچ 2027ء میں ایک دوسری تجارتی کانفرنس منعقد کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، جس کا مقصد CEPA کے اختتام کے بعد پیدا ہونے والی پیش رفت اور رفتار کو مزید آگے بڑھانا ہے۔